نواز شریف وزیراعظم نہیں تو ان کے ایک ادنیٰ کارکن کی حیثیت سے ملک کی خدمت کروں گا، اتحادیوں کی مشاورت سے آگے بڑھنا اور تمام اداروں کو ساتھ لے کر چلنا ہے، نامزد وزیراعظم شہباز شریف کا پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب

image

اسلام آباد۔28فروری (اے پی پی):نامزد وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف نے ملکی ترقی کیلئے بے مثال خدمات سرانجام دیں مگر اس کے صلہ میں ان کے ساتھ انتہائی برا سلوک کیا گیا مگر انہوں نے اپنے کارکنوں کو اکسانے کی بجائے ہمیشہ صبر و تحمل کی تلقین کی، ہم نے آئندہ کیلئے اپنے اتحادیوں کی مشاورت سے آگے بڑھنا ہے اور تمام اداروں کو ساتھ لے کر چلنا ہے، نواز شریف وزیراعظم نہیں تو ان کے ایک ادنیٰ کارکن کی حیثیت سے ملک کی خدمت کروں گا، ہمارے مخالفین نے اپنے دہرے معیار کے ذریعے ملک کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے، اسمبلی کا اجلاس نہ بلا کر آئین کی دھجیاں بکھیری گئیں۔

بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس میں مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پارلیمانی پارٹی کے تمام ارکان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ جو ارکان اپنے بل بوتے پر جیت کر آئے ہیں اور انہوں نے قائد نواز شریف پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی، ہم ان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے محمد ادریس، راجہ خرم شہزاد، بیرسٹر عقیل ملک، رشید اکبر نوانی، وسیم قادر، رضا حیات حراج، سردار شمشیر مزاری اور میاں خان درانی کا مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان ارکان کی شمولیت سے ہماری قومی اسمبلی میں عددی اکثریت 104 ہو گئی ہے۔ ماضی میں دھرنوں کی وجہ سے چینی صدر کا دورہ روکا گیاتاہم اپریل 2015 میں چینی صدر پاکستان آئے اور سی پیک معاہدے ہوئے،انہوں نے کہا کہ 2017 میں نواز شریف نے پوری قوم کو بتا دیا تھا کہ بجلی کے اندھیرے ختم ہو چکے ہیں

نواز شریف نے اپنے وسائل سے 5 ہزار میگاواٹ بجلی دی، چاروں صوبوں کو موٹرویز سے ملایا گیا، موٹرویز کے بانی نواز شریف ہیں، موٹرویز پر سفر کرنے والے لوگ نواز شریف کو دعائیں دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو کراچی والے شہر کا امن واپس کرنے پر جھولیاں اٹھا کر دعائیں دیتے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف نے افواج پاکستان کے ساتھ مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کیا، ہماری پاک فوج، سکیورٹی اداروں سمیت سب نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دیں، نواز شریف نے بلوچستان میں پانی کے منصوبے دیئے، کراچی گرین لائن، لیاری ٹنل منصوبے، کے پی میں دیامیر بھاشا ڈیم کیلئے زمین خریدی، یہ تمام منصوبے نواز شریف کی سوچ کی عکاسی کرتے ہیں، نواز شریف کے منصوبوں کی تختیاں گننے لگ جائیں تو مہینوں لگیں گے، مگر اس سب کے باوجود نواز شریف حکومت کا تختہ الٹا دیا گیا،

اس کے باوجود نواز شریف نے صبر و تحمل سے کام لیامریم نواز سے توقع ہے کہ وہ پنجاب کی بہترین منتظم ثابت ہوں گی اور نواز شریف کی زیرسرپرستی ان کا نام روشن کریں گی،، تین مرتبہ نواز شریف کو معزول کیا گیا مگر انہوں نے ہمیشہ اپنے کارکنوں کو صبر و تحمل کی تلقین کی، صحت اور زندگی اللہ کے ہاتھ میں ہے، نواز شریف کی بیماری پر باتیں کی گئیں، نواز شریف نے جس طرح بیٹی کے ہمراہ جیل کاٹی اللہ کسی دشمن کو بھی ایسا وقت نہ دکھائے، نواز شریف لیڈر ہی نہیں ایک مدبر انسان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مخالفین نے کے پی میں فتح حاصل کی ہے تو کیا وہاں دھاندلی ہوئی ہے،

اسی سوچ نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے، اسمبلی کا اجلاس بلانا آئینی فریضہ تھا، اجلاس نہ بلا کر آئین کی دھجیاں بکھیری گئی ہیں، کے پی کی اسمبلی آئینی ہے اور قومی اسمبلی آئینی نہیں ہے یہ دہرا معیار نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ 16 ماہ کی اپنی حکومت میں ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے، نواز شریف وزیراعظم نہیں تو میں ورکر بن کر ملک کی خدمت کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے 16 ماہ کی حکومت میں نواز شریف کی زیرسرپرستی مشکل فیصلے کئے، ہم نے حلیف جماعتوں سے مشاورت کرنی ہے اور تمام اداروں کو ساتھ لے کر چلنا ہے۔ انہوں نے قرارداد پیش کی کہ مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا یہ اجلاس ان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتا ہے اور جدید پاکستان کیلئے ان کی کاوشوں کو سراہتا ہے اور یہ وقت ہم سے قربانی مانگتا ہے۔ پارلیمانی پارٹی نے قرارداد کی منظوری دے دی۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.