۔2024 کی دوسری ملک گیر انسداد پولیو ویکسینیشن مہم شروع، پانچ سال سے کم عمر کے 45.8 ملین سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے، وزارت صحت

image

اسلام آباد۔25فروری (اے پی پی):وزارت صحت نے تمام بچوں کو پولیو وائرس سے بچائو کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے سال کی دوسری ملک گیر پولیو ویکسینیشن مہم کا آغازکر دیا،2024 کی اس دوسری مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے 45.8 ملین سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے، یہ مہم ملک بھر میں 26 فروری سے 3 مارچ تک اور خیبر پختونخوا کے 33 اضلاع میں 2 مارچ سے6 مارچ تک جاری رہے گی، بچوں کی قوت مدافعت بڑھانے کے لیے انہیں وٹامن اے سپلیمنٹ بھی دیئے جائیں گے۔ پولیو ایک خوفناک بیماری ہے جس کا کوئی علاج نہیں ہے اور یہ بچوں کو زندگی بھر کے لئے مفلوج کر سکتی ہے۔

وفاقی سیکرٹری صحت افتخار علی شالوانی نے بچوں کو پولیو سے بچائوکے قطرے پلانے کے بعد کہا کہ بدقسمتی سے یہ ہمارے بچوں کے لیے خطرہ بنا ہوا ہے کیونکہ کچھ لوگ غلط فہمیوں اور غلط معلومات کی بنیاد پر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ حکومت ملک سے پولیو کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے اور بڑی پیش رفت کر رہی ہے ، لیکن فیصلہ سازوں ، والدین اور دیکھ بھال کرنے والوں پر بھی اپنے بچوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کی بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

والدین اور دیکھ بھال کرنے والوں کے نام ایک خصوصی پیغام میں سیکریٹری صحت نے کہا کہ پولیو ورکرز اس اہم ویکسین کو آپ کی دہلیز تک پہنچائیں گے، آپ سے درخواست ہے کہ اپنے بچوں کو پولیو وائرس سے لاحق خطرے کو پہچانیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ ان پولیو ورکرزکی سہولت کے لئے اپنے دروازے کھولیں۔ جنوری میں 19 اضلاع کے سیوریج کے نمونوں اور 2023 میں سیوریج کے 126 نمونوں میں پولیو وائرس کا پتہ چلنے کے بعد یہ سال کی مسلسل دوسری ملک گیر مہم ہے۔ سال 2024 کی پہلی مہم8 جنوری سے 14جنوری تک چلائی گئی جس کے دوران 4کروڑ 30 لاکھ سے زائد بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے گئے۔

اس موقع پر پاکستان کے پولیو پروگرام کے قومی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ نے کہا کہ پاکستان پولیو پروگرام نے سال کے لئے بڑے پیمانے پر ویکسینیشن اور صحت کی خدمات کی فراہمی کا ایک جامع منصوبہ تیار کیا ہے اور پولیو کے خاتمے کی کوششوں کے لئے اعتماد اور خیر سگالی پیدا کرنے کے لئے محروم بچوں تک پہنچنے ، انکار کو کم کرنے اور کمیونٹی کی شمولیت کو بڑھانے پر بھرپور توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام پاکستانی بچوں کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم ملک میں اس بیماری کے خاتمے کے لئے معیاری صحت کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھیں گے۔

یہ ایک اہم مہم ہے کیونکہ جنوری میں متعدد ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا تھا ، جس کا مطلب ہے کہ بچوں کو اس بیماری سے مسلسل خطرہ ہے۔ لہذا والدین کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے بچوں کو سال بھر میں کئی بار ٹیکے لگائے جائیں تاکہ وہ محفوظ رہیں۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.