وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو خطے میں ایک اہم تجارتی اور ٹرانس شپمنٹ مرکز بنانے کے لیے ملکی بندرگاہوں کی استعداد کار میں اضافہ ناگزیر ہے، بندرگاہوں پر سامان کی ترسیل اور کلیئرنس کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے تاکہ کاروباری برادری کو سہولت ملے اور تجارتی سرگرمیوں میں تیزی آئے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک کی بندرگاہوں اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) کے امور سے متعلق اجلاس وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں کاروبار کے فروغ اور معاشی ترقی میں بندرگاہوں کا انتہائی اہم کردار ہے۔ بندرگاہوں سے متعلق تمام ادارے باہمی اشتراک سے کام کریں اور کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بندرگاہوں پر سامان کی ترسیل، کلیئرنس اور دیگر متعلقہ امور کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے تاکہ کاروباری طبقے کو سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کو جدید، مستحکم اور عالمی معیار کا مسابقتی ادارہ بنانے کے لیے جامع اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ پی این ایس سی کے بحری بیڑے میں اضافے کے لیے قابل عمل منصوبہ بندی کی جائے تاکہ ملکی درآمدات اور برآمدات کے لیے اپنی شپنگ سہولیات کو فروغ دیا جا سکے۔
اجلاس کو پی این ایس سی میں اصلاحات سے متعلق بریفنگ میں بتایا گیا کہ ادارے کے لیے بزنس ڈویلپمنٹ پلان تیار کر لیا گیا ہے، جس کے تحت بحری بیڑے میں اضافے اور انسانی وسائل کے انتظام کو بہتر بنانے کے اقدامات شامل ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی این ایس سی اصلاحاتی منصوبے کا بنیادی مقصد سال 2030 تک ملک کی سمندری کارگو کی استعداد کار کو دنیا کے بہترین معیار کے مطابق بنانا ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزرا مصدق ملک، احد خان چیمہ، اعظم نذیر تارڑ اور جنید انور چوہدری، وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ظفر اقبال، ارکان قومی اسمبلی محمد فاروق ستار، عبدالقادر پٹیل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔