اسلام آباد میں قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس آج منعقد ہوں گے جن کے لیے ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔ اجلاسوں میں اہم قانون سازی، قائمہ کمیٹیوں کی رپورٹس، وقفہ سوالات اور قومی اہمیت کے معاملات پر توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیے جائیں گے۔
قومی اسمبلی میں انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن ترمیمی بل اور اسلام آباد کے نجی تعلیمی اداروں سے متعلق ترمیمی بل منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ ایوان میں ایچ آئی وی و ایڈز کے بڑھتے کیسز اور کسٹمز گودام کوئٹہ میں آتشزدگی کے واقعے پر توجہ دلاؤ نوٹس بھی زیر بحث آئیں گے۔
دوسری جانب وفاقی بجٹ 12 جون کو پیش کیے جانے کا امکان ہے جبکہ نئے مالی سال کا اقتصادی سروے 11 جون کو جاری کیا جائے گا۔ اسی روز قومی اقتصادی کونسل کا اہم اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے۔