شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 27 دہشت گرد ہلاک، اسلحہ برآمد

image

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں متعدد کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف دہشت گرد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلوں میں 27 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جن کا تعلق بھارت کی سرپرستی میں کام کرنے والے گروہ ”فتنہ الخوارج“ سے بتایا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا اور یہ عناصر متعدد دہشت گرد سرگرمیوں اور شہریوں کے ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس کارروائی کے دوران میران شاہ میں ایک اہم شخصیت ملک سیف اللہ داوڑ کے قتل میں ملوث عناصر کو بھی نشانہ بنایا گیا، جسے سیکیورٹی اداروں نے ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ طور پر چھپے ہوئے عناصر کو ختم کیا جاسکے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ”عزمِ استحکام“ کے وژن کے تحت ملک بھر میں انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی تاکہ ملک سے بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کو یقینی بنایا جاسکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US