بھارت دہشت گردی اور مداخلت کے ذریعے خطے میں امن خراب کر رہا ہے، دفتر خارجہ

image

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت کا دہشت گردی سے متعلق من گھڑت بیانیہ اور پاکستان کے خلاف جارحانہ رویہ زمینی حقائق کو چھپا نہیں سکتا۔ بھارت طویل عرصے سے خطے میں امن کو نقصان پہنچانے کا کردار ادا کرتا آ رہا ہے۔

دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان نے کہا کہ بھارت بیرون ملک ماورائے عدالت قتل میں ملوث رہا ہے اور ہمسایہ ممالک کے اندرونی معاملات میں مسلسل مداخلت کرتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو جیسے آپریٹوز کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیاں کی گئیں جبکہ بھارت نے مطلوب مجرموں کو محفوظ پناہ گاہیں بھی فراہم کیں۔ ترجمان کے مطابق بھارت میں اقلیتوں کو بڑھتی ہوئی ہراسانی، جبر اور امتیازی سلوک کا سامنا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات مضبوط، وسیع اور کثیرالجہتی نوعیت کے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سعودی عرب سے کسی مخصوص دفاعی پلیٹ فارم یا قرض سے متعلق کسی حتمی معاہدے کی فی الحال کوئی اطلاع نہیں۔ کسی بھی ممکنہ دفاعی معاہدے کی تصدیق باضابطہ تکمیل کے بعد ہی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک سعودی دفاعی تعاون باہمی فریم ورک کے تحت مسلسل آگے بڑھ رہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب میں مزید پاکستانی فوجی بھیجنے سے متعلق کسی فیصلے کی انہیں معلومات نہیں ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان متعدد دفاعی منصوبے زیر غور ہیں تاہم فوجیوں کی تعداد میں اضافے سے متعلق قیاس آرائیوں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا جا سکتا۔ ترجمان نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون باہمی معاہدوں اور طے شدہ طریقہ کار کے مطابق جاری رہتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US