جب تھے کم عمر سمجھ دار نہیں ہوتے تھے
ان دنوں لوگ اداکار نہیں ہوتے تھے
اب تو وہ لوگ بھی ملنے کو چلے آتے ہیں
بات کرنے کو جو تیار نہیں ہوتے تھے
کچھ گھروں میں کوئی رہتا ہی نہیں تھا افسوس
کچھ گھروں کے در و دیوار نہیں ہوتے تھے
بات کرنے میں کوئی خوف نہیں ہوتا تھا
لوگ یوں ملنے سے بیمار نہیں ہوتے تھے
اس طرح فتح کئے کتنے علاقے ہم نے
جنگ کے واسطے ہتھیار نہیں ہوتے تھے
یوں نہ ہو آنکھ کھلے اور بچھڑ جائیں ہم
بس اسی خوف سے بیدار نہیں ہوتے تھے
جن دنوں خواب لٹاتی تھیں یہ آنکھیں آربؔ
ان دنوں اتنے خریدار نہیں ہوتے تھے