ہمیشہ دیر کر دیتا ہوں ہر تدبیر کرنے میں

Poet: امید خواجہ By: امید خواجہ , 1e Exloermond

ہمیشہ دیر کر دیتا ہوں ہر تدبیر کرنے میں
وہ جیسے عدلیہ مجرم کو دارو گیر کرنے میں

ہوئی ہے جا بجا پیوند کاری نظمِ گلشن میں
لگے گی زندگی آئین کی تطہیر کرنے میں

یونہی پل بھر میں اُس کردار کے سارے بھرم ٹُوٹے
بتائی عمر جس کردار کی تعمیر کرنے میں

وہ آج آئیں گے میرے گھر مگر ڈرتا بھی ہوں واللہ
بڑے مشہور ہیں وہ برملا تحقیر کرنے میں

وہ تیرے عارض و گیسو وہ تیری چشمِ زیبائی
زمانہ چاہئے یہ داستاں تحریر کرنے میں

نہیں ہوں صُلح جُو مانا طبیعت بھی ہے سیلانی
تجھے کیا مِل گیا ظالم مری تشہیر کرنے میں

چلو آؤ چلیں امید اس کے گھر پہ دستک دیں
خسارہ ہے وگرنہ بے وجہ تاخیر کرنے میں
 

Rate it:
Views: 141
18 Apr, 2025