ہمارے ہاتھ میں جب کوئی جام آیا ہے
Poet: ذاکر By: ذاکر, Multanہمارے ہاتھ میں جب کوئی جام آیا ہے
تو لب پہ کتنے ہی پیاسوں کا نام آیا ہے
کہاں کا نور یہاں رات ہو گئی گہری
مرا چراغ اندھیروں کے کام آیا ہے
یہ کیا غضب ہے جو کل تک ستم رسیدہ تھے
ستم گروں میں اب ان کا بھی نام آیا ہے
تمام عمر کٹی اس کی جستجو کرتے
بڑے دنوں میں یہ طرز کلام آیا ہے
بڑھوں تو راکھ بنوں مڑ چلوں تو پتھرا جاؤں
سفر میں شوق کے نازک مقام آیا ہے
خبر بھی ہے مرے گلشن کے لالہ و گل کو
مرا لہو بھی بہاروں کے کام آیا ہے
وہ سرپھرے جو نگہ داریٔ جنوں میں رہے
سرورؔ ان میں ہمارا بھی نام آیا ہے
More Sad Poetry






