میرا ہو جا مجھے اے یار مکمل کر دے
Poet: By: Rania Ch, Lahoreمیرا ہو جا مجھے اے یار مکمل کر دے
یا مجھے چھوڑ دے انکار مکمل کر دے
اپنے دیدار کے جلووں میں گھرا رہنے دے
دور جانا ہے تو دیوار مکمل کر دے
زندگی اس کی، رضا اس کی، کہانی اس کی
پھر جہاں چاہے وہ کردار مکمل کر دے
پیاس دی ہے تو وہی وصل کی بارش دے گا
اور وہ چاہے تو سرشار مکمل کر دے
میں مہاجر ہوں تو ہجرت کی اجازت دے دے
یا اسی شہر میں انصار مکمل کر دے
وہ جو پیارا ہے تو جان کسے پیاری ہے
عشق میں جو بھی ہے معیار مکمل کر دے
تو جو خوش ہے تو یہی بات مجھے ہے کافی
جیت جا مجھ سے مری ہار مکمل کر دے
لفظ بے مایہ اگر ہوں گے تو میں چاہوں گا
ایسی خاموشی جو اظہار مکمل کر دے
More Love / Romantic Poetry






