زندگی دندنائے جاتی ہے
Poet: Aisha Baig Aashi By: Aisha Baig Aashi, karachiالجھنوں کو بڑھائے جاتی ہے
زندگی دندنائے جاتی ہے
گردنِ آرزو پہ عسرتِ دم
آج خنجر چلائے جاتی ہے
جو کرم بار تھی وہی ہستی
بے سبب ظلم ڈھائے جاتی ہے
دھوپ جاتی ہے صحنِ جاں میں تو
کھا کے سارے ہی سائے جاتی ہے
دیکھ کر اپنی بے بسی امید
خود پہ خود مسکرائے جاتی ہے
سربُریدہ امنگ کو دیکھو
لاش اپنی اُٹھائے جاتی ہے
آندھیاں راستہ نہ بدلیں گی
سوچ دیپک جلائے جاتی ہے
عادتِ درد ہو گئی اتنی
صورتِ درد بھائے جاتی ہے
ساز سب ہو گئے ہیں بے آواز
خامشی گیت گائے جاتی ہے
ہاتفِ رنج کی صدا جس گھر
جاتی ہے ، بِن بلائے جاتی ہے
دیکھتی ہوں کہ آجکل قدرت
صبر کو آزمائے جاتی ہے
آج عاشی غزل کے ماتھے پر
غم کا جھومر سجائے جاتی ہے
More General Poetry






