اپنی ہی آواز کو بے شک کان میں رکھنا
Poet: Ahmed Faraz By: afshan, khi
اپنی ہی آواز کو بے شک کان میں رکھنا 
 لیکن شہر کی خاموشی بھی دھیان میں رکھنا 
 
 میرے جھوٹ کو کھولو بھی اور تولو بھی تم 
 لیکن اپنے سچ کو بھی میزان میں رکھنا 
 
 کل تاریخ یقیناً خود کو دہرائے گی 
 آج کے اک اک منظر کو پہچان میں رکھنا 
 
 بزم میں یاروں کی شمشیر لہو میں تر ہے 
 رزم میں لیکن تلوار کو میان میں رکھنا 
 
 آج تو اے دل ترک تعلق پر تم خوش ہو 
 کل کے پچھتاوے کو بھی امکان میں رکھنا 
 
 اس دریا سے آگے ایک سمندر بھی ہے 
 اور وہ بے ساحل ہے یہ بھی دھیان میں رکھنا 
 
 اس موسم میں گل دانوں کی رسم کہاں ہے 
 لوگو اب پھولوں کو آتش دان میں رکھنا
More Ahmed Faraz Poetry








