ان کی باتوں میں مری بات کہاں ہوتی ہے
Poet: Azra Naz By: Azra Naz, Reading UKان کی باتوں میں مری بات کہاں ہوتی ہے
قابلِ ذکر مری ذات کہاں ہوتی ہے
فن کو درکار نہیں ہوتا کوئی بھی چرچا
خوبی محتاجِ خطابات کہاں ہوتی ہے
پوچھنا ان سے اب اتنا بھی تو آسان نہیں
دن گذرتا ہے کہاں رات کہاں ہوتی ہے
آپ سے مل نہیں پائی تو تعجب کیسا ؟
خود سے بھی میری ملاقات کہاں ہوتی ہے
دشمنی کی کوئی بنیاد تو رکھتا ہوگا
خود بخود اس کی شروعات کہاں ہوتی ہے
درمیاں اپنوں کے دن رات بِتانا عذرا
اب میسر بھی وہ سوغات کہاں ہوتی ہے
More Life Poetry






