عالمی گورننس میں قانون کی پاسداری
(Shahid Afraz Khan, Beijing)
|
عالمی گورننس میں قانون کی پاسداری تحریر: شاہد افراز خان ،بیجنگ
اس میں کوئی شک نہیں کہ دنیا ایک نئے ہنگامہ خیز اور تبدیلی کے دور میں داخل ہو رہی ہے، جبکہ عالمی گورننس ایک نئے موڑ پر کھڑی ہے۔ حال ہی میں منعقدہ "شنگھائی تعاون تنظیم پلس" اجلاس میں ، چین نے گلوبل گورننس انیشی ایٹو کی تجویز پیش کی، جس میں بین الاقوامی قانون کی پاسداری پر زور دیا گیا ہے۔
بین الاقوامی قانون پر عمل کرنا عالمی حکمرانی کی بنیادی ضمانت ہے۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ کچھ حلقے ایک نام نہاد "اصولوں پر مبنی نظم" کی وکالت کرتے ہیں، لیکن عملی طور پر بین الاقوامی قانون کے ساتھ ایک منتخب رویہ اپناتے ہیں۔ جب"اصولوں پر مبنی نظم" ان حلقوں کے مفادات کے مطابق ہو تو وہ اس کا بھرپور استعمال کرتے ہیں اور جب نہیں ہوتا ہے تو اسے ترک کر دیتے ہیں۔ ایسے اقدامات نے "ناکام" بین الاقوامی قانون اور "غیر مؤثر" کثیر الجہتی نظام کے بارے میں خدشات کو ہوا دی ہے۔
اسی دوران، موسمیاتی تبدیلی، توانائی کی سلامتی اور سائبر سیکیورٹی جیسے عالمی چیلنجز مسلسل بڑھ رہے ہیں۔ ابھرتے ہوئے شعبوں بشمول گہرے سمندر، قطبی خطے، بیرونی خلا اور مصنوعی ذہانت میں، قواعد اور قانون پر مبنی حکمرانی کی غیر موجودگی نے خطرات کو بڑھا دیا ہے۔ بین الاقوامی قانون کو مضبوط کرنے اور عالمی گورننس کو بہتر بنانے کی فوری ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ واضح ہو چکی ہے۔
اس ضمن میں چین کا موقف واضح ہے۔ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصول بین الاقوامی تعلقات کے عالمی سطح پر تسلیم شدہ بنیادی اصول ہیں۔چین کا مضبوط موقف ہے کہ ان پر ثابت قدمی سے عمل پیرا ہونا چاہیے۔ ابھرتے ہوئے شعبوں میں، بین الاقوامی قواعد و ضوابط وسیع اتفاق رائے کی بنیاد پر تشکیل دیے جانے چاہئیں۔ بین الاقوامی قانون اور قواعد و ضوابط یکساں اور مساوی طور پر لاگو کیے جانے چاہئیں اور اس تناظر میں کسی دوہرے معیار یا مسلط کیے جانے کے طرز عمل سے اجتناب لازم ہے۔ بین الاقوامی قانون کی اتھارٹی اور وقار کو برقرار رکھنا چاہیے۔ خاص طور پر بڑے ممالک کو بین الاقوامی قانون کی وکالت اور دفاع میں قیادت کرنی چاہیے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل رکن اور دنیا کے سب سے بڑے ترقی پذیر ملک کے طور پر، چین نے ہمیشہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے اختیار کا احترام اور تحفظ کیا ہے۔ چین تقریباً تمام عالمی بین الحکومتی تنظیموں اور 600 سے زیادہ بین الاقوامی کنونشنز اور ترامیم میں شامل ہو چکا ہے، اور بین الاقوامی امور میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کی مضبوطی سے حمایت کرتا ہے۔اسی طرح دنیا کی دوسری بڑی معیشت کی حیثیت سے چین حقیقی کثیر الجہتی پر عمل پیرا ہے اور بین الاقوامی قانونی نظام کی ترقی میں فعال طور پر حصہ ڈالتا ہے۔
چین کے معاملے میں یکساں قول و فعل بھی ایک کلیدی امر ہے اور چین کے ٹھوس اقدامات الفاظ سے کہیں زیادہ بولتے نظر آتے ہیں۔ مئی میں، ثالثی کے لیے وقف دنیا کی پہلی بین الحکومتی تنظیم "بین الاقوامی ثالثی تنظیم" چین کے ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے میں قائم کی گئی، جس نے بین الاقوامی تنازعات کے پر امن حل کے لیے ایک نیا پلیٹ فارم فراہم کیا ہے۔
مصنوعی ذہانت کی عالمی حکمرانی کو بہتر بنانے کے لیے، چین نے گلوبل اے آئی گورننس انیشی ایٹو بھی پیش کیا ہے اور عالمی اے آئی تعاون تنظیم کے قیام کی وکالت کی ہے، تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ مصنوعی ذہانت کو انسانیت کی بھلائی کے لیے مزید ترقی دی جا سکے۔
چین نے قدم بہ قدم اپنے قول و فعل کو ثابت قدمی سے پورا کرنے اور ٹھوس عمل کے عزم کا مظاہرہ کیا ہے، جس نے عالمی گورننس میں قانون کی حکمرانی کو تازہ تحریک دی ہے۔
مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے، چین نے یہ عزم دہرایا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کو برقرار رکھے گا، بین الاقوامی تعلقات میں جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کو آگے بڑھائے گا، اور دیگر ممالک کے ساتھ مل کر بنی نوع انسان کے ہم نصیب سماج کی تعمیر کرے گا۔ |
|