بولٹ دنیا کے نئے تیز ترین انسان


 

امریکہ کے شہر نیویارک میں ریبارک گرانڈ پری مقابلوں میں جمیکا کے یوسین بولٹ نے ایک سو میٹر کا فاصلہ نو عشاریہ بہتر سیکنڈ میں طے کر کے نیا عالمی ریکارڈ بنایا ہے۔

اکیس سالہ بولٹ نے گزشتہ سال ایتھلیٹکس کے عالمی مقابلوں میں دو سو میٹر کی دوڑ میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔

بولٹ نے نو عشاریہ بہتر سیکنڈ میں ایک سو میٹر طے کر کے آصفہ پاول کا نو عشاریہ چوہتر سیکنڈ کا ریکارڈ ختم کیا۔

بولٹ نے ریس کے بعد کہا کہ ان کے ذہن میں عالمی ریکارڈ توڑنے کا خیال نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے صرف تیز ترین دوڑنے کی کوشش کی۔ اس سے پہلے تین مئی کو انہوں نے ایک سو میٹر کا فاصلہ نو عشاریہ چھہتر سیکنڈ میں دوڑ کر ایتھلیٹکس کی دنیا میں وقت نوٹ کرنے والوں کو ہوشیار کر دیا تھا۔

بولٹ اپنے آپ کو دو میٹر کی دوڑ کا ماہر سمجھتے ہیں اور مقابلوں سے پہلے جمیکا میں اولمپک کی ٹیم کے ٹرائلز کے دوران ایک سو میٹر کی دوڑ کے بارے میں تذبذب کا شکار تھے۔ اب بحرحال انہیں معلوم ہے کہ وہ اولمپک میں ایک سو اور دو سو میٹر دونوں کے مقابلوں میں حصہ لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اب وہ دو سو میٹر کی دوڑ پر دھیان دیں گے کیونکہ اس کی انہوں نے کچھ عرصے سے زیادہ تیاری نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک سو میٹر کا ریکارڈ تو ایک دن میں بھی ٹوٹ سکتا ہے لیکن اگر وہ اولمپک میں سونے کا تمغہ جیت کر اولمپک چیمپیئن بنیں گے تو وہ اعزاز چار سال کے لیے ہوگا۔

YOU MAY ALSO LIKE: