خواتین کی صحت اور حسن کیلئے مفید ٹوٹکے

بنائوسنگھار کی دنیا میں انقلاب آچکا ہے‘ چہرے کو روشن اور تابندہ رکھنے کیلئے آئے دن جدید سے جدید تر اشیاءاور آلات منڈیوں میں آرہے ہیں لیکن اس کے باوجود ایک بات طے ہے کہ ہزاروں سال پرانے قدرتی اور روایتی طریقے آج بھی اپنی ایک الگ شناخت رکھتے ہیں اور ان کی افادیت میں کسی قسم کی کوئی کمی نہیں آئی۔ ایسی لاتعداد قدرتی جڑی بوٹیاں‘ تیل اور نباتات موجود ہیں جن کا صحت و خوبصورتی سے گہرا تعلق ہے اور آج بھی لاکھوں خواتین ان سے فائدہ اٹھارہی ہیں۔

جدید سائنس بھی تسلیم کرتی ہے کہ مختلف قسم کی نباتات‘ بیجوں اور جڑی بوٹیوں کا استعمال نہ صرف کئی امراض میں فائدہ مند ہے بلکہ ان سے نکالے ہوئے تیل جلد کی خوبصورتی بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں جیسے صندل‘ مہندی‘ برہمی بوٹی‘ سیکاکائی آملہ‘ ریٹھا‘ ناریل اور سرسوں وغیرہ کو کئی شیمپوئوں میں کسی نہ کسی شکل میں شامل ضرور کیا جاتا ہے۔

مالش کیوں کی جاتی ہے؟
٭مساج یا مالش سے عضلات مضبوط ہوتے ہیں اور جلد کی عمر بڑھتی ہے۔٭جلد پر موجود مضراجزا کا صفایا ہونے کے ساتھ خون کی گردش کا نظام بھی بہتر ہوتا ہے۔٭نہ صرف بال جلد بڑھتے ہیں بلکہ ان کی چمک دمک میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے۔٭تنائو اور دبائو کم ہوتا ہے‘ ذہنی سکون ملتا ہے اور نیند بہتر ہوتی ہے۔٭آنکھوں کی تھکاوٹ دور ہوتی ہے۔٭ارتکاز کی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے اور یادداشت بہتر ہوتی ہے۔

مختلف تیل اوران کے فائدے
تلوں کا تیل
یہ جسمانی عضلات کو مضبوط بنانے کے علاوہ جلد کو نمی فراہم کرتا ہے جس سے جلد خشک ہونے سے محفوظ رہتی ہے۔ بالخصوص خشک جلد کیلئے بہترین سمجھا جاتا ہے۔

سرسوں کا تیل
یہ جسم کو گرمی بخشتا اور جلد کی صفائی کرتا ہے چونکہ یہ جسمانی حرارت میں اضافہ کرتا ہے اسی لیے اس کی مالش سردیوں میں کی جاتی ہے۔

زیتون کا تیل
عموماً حساس اور نازک جلد کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ تل کے تیل کا بہترین نعم البدل ہے۔

بادام کا تیل
بال بڑھانے اور صحت مند رکھنے میں معاون ہے۔

ناریل کا تیل
سوکھی ‘روکھی اور پھیکی جلد کو نرم و ملائم اور چمکدار بناتا ہے۔ اسے بہترین موئسچرائزز کی حیثیت حاصل ہے۔ بالوں کیلئے بھی بہت مفید ہے۔ اس سے بال جلد بڑھتے اور صحت مند رہتے ہیں۔ جسم کو متوازن رکھتا ہے۔ اس کی مالش موسم بہار یعنی مارچ اپریل میں کی جاتی ہے۔

خوشبو سے علاج
اس علاج میں مختلف پتوں‘ پھولوں اور جڑی بوٹیوں کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ یہ مریض کو نہ صرف سنگھائے جاتے ہیں بلکہ ان کی مالش بھی کی جاتی ہے۔ یہ بات تصدیق شدہ ہے کہ مختلف قسم کے تیلوں کی مالش سے درد دور ہونے کے علاوہ ان کی خوشبو سے بھی کئی فوائد حاصل ہورہے ہیں۔

جلد کی صفائی
تیل‘ ہلدی اور بیسن وغیرہ ملا کر ابٹن تیار کیا جاتا ہے جسے بالخصوص شادی بیاہ کے موقع پر لڑکیاں چہرے‘ گردن‘ ہاتھوں اور بازوئوں وغیرہ پر کریم کی طرح لگاتی ہیں۔ یوں جلد نرم اور صاف و شفاف ہوجاتی ہے۔ اسی طرح بعض گھرانوں میں شادی کے موقع پر لڑکیاں یاسمین کا تیل‘ روغن بادام‘ مونگ پھلی کا تیل‘ لیموں کے چھلکے اور چٹکی بھر صندل کا سفوف وغیرہ ملا کر آمیزہ بناتی ہیں جسے پورے جسم پر لگانے سے جلد روشن اور صاف ہوجاتی ہے۔

جلد کو صفائی کی ضرورت کیوں؟
قدرتی طور پر چودہ روز بعد جلد میں تبدیلی آتی ہے‘ یعنی اس کے پرانے خلیے مرجاتے ہیں اور ان کی جگہ نئے خلیے لیتے ہیں۔ اسی لیے جلد کو ہر دو ہفتے بعد صفائی کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ مردہ خلیوں کو جسم سے دور کیا جاسکے۔ چکنی جلد کو تو ہفتے میں ایک یا دوبار صفائی کرنا کافی ہے۔ فی الوقت ایسی کئی کریمیں‘ ماسک اور موئسچرائزر موجود ہیں جو قدرتی اشیاءسے بنائے گئے ہیں اور ان کا جلد کی صفائی میں اہم کردار ہے جیسے خوبانی وغیرہ کے ماسک بہت معروف ہیں۔

حسن و صحت کے ٹوٹکے
نہار منہ پانی پیجئے‘ اپنا رنگ نکھارنے کیلئے صبح نہار منہ دو تین گلاس پانی پینا معمول بنالیجئے۔ شروع میں ایک آدھ گلاس پیجئے آہستہ آہستہ آپ کی عادت بن جائیگی۔ اس سے قبض نہیں ہوگی‘ خون پتلا اور صاف ہوگا‘ دوران خون ٹھیک رہے گا‘ آنکھوں کی چمک بڑھے گی اور چہرے کی تازگی اور دلکشی میں اضافہ ہوگا۔

صبح کی سیر
اگر ممکن ہوتو صبح کی سیر ضرور کریں۔

آنکھوں کے گرد سیاہ حلقوں کا خاتمہ
رات کو پانچ عدد بادام چبا کر اس طرح کھائیں کہ لعاب دہن بھی ساتھ مل جائے۔ اس کے بعد ایک کپ دودھ بالائی اتار کر پی لیں۔ یوں رنگت نکھرے گی اور آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے دور نہ ہوئے تو کافی حد تک کم ضرور ہوجائینگے۔

دوپہر کا کھانا
دس بجے ایک سیب کھائیں یا موسم کے اعتبار سے تازہ پھلوں کا رس ایک گلاس پیجئے۔ دوپہر کے کھانے میں ایک چپاتی اور حسب پسند سالن کے ساتھ ایک کھیرا‘ ایک ٹماٹر اور تھوڑی سی بند گوبھی کی سلاد کھائیں۔ اگر آپ شام کو چائے پینا چاہیں تو اس کیساتھ دو عدد بسکٹ کھائیں۔

رات کا کھانا
ساڑھے آٹھ یا نوبجے رات کا کھانا کھالیں لیکن پیٹ بھر کر نہیں بلکہ تھوڑی سی بھوک رکھ کر کھائیں اور سونے سے پہلے ایک کپ دودھ (بالائی اتار کر) پی لیں۔ کلی کرکے کسی اچھی سی کتاب کا مطالعہ ضرور کریں۔

رنگت نکھارنے کے طریقے
صبح سویرے کچے دودھ کی آدھی پیالی میں بیسن یا ابٹن ڈال کر گاڑھا پیسٹ بنالیں اور چہرے پر لیپ کریں۔ دو منٹ بعد انگلیوں کی پوروں سے نیچے سے اوپر کی جانب آہستہ آہستہ ملیں۔ ابٹن نیچے گرتا جائے یہاں تک کہ چہرہ صاف ہوجائے۔ اب چہرے کو ٹھنڈے پانی سے دھولیں۔ کچے دودھ کی بساند دور کرنے کیلئے ٹالکم پائوڈر ہتھیلیوں پر مل کر چہرے کو ہاتھوں سے آہستہ آہستہ تھپتھپائیں۔ چہرے کی جلد نرم بلکہ مخملی سفید ہوجائیگی۔

آدھے لیموں کا رس‘ ہلدی آدھی چمچی اور بیسن دو چمچی ملا کر آمیزہ بنالیں اور اس کا ماسک چہرے پر لگائیں۔ چھائیاں خاصی حد تک ختم ہوجائیں گی۔

سفید تل بھینس کے دودھ میں ڈال کر پیس لیں اور رات سوتے وقت چہرے پر ملیں۔ صبح اٹھ کر کسی اچھے صابن سے منہ دھولیں۔ چھائیاں دور ہوجائیں گی اور چہرہ دھل جائیگا۔ دن میں بھی چہرے کی صفائی کا خاص خیال رکھیں۔ روزانہ پانچ بار منہ دھوئیں۔

کچھ بادام تھوڑے پانی میں بھگو کررکھ دیں پھر اسی پانی میں بادام پیس لیں۔ یہ آمیزہ رات کو چہرے پر لگائیں اور صبح کسی معیاری صابن سے منہ دھولیں۔

دس تولہ شہد میں ایک لیموں کا رس ملا کر چہرے پر لیپ کیجئے اور پندرہ منٹ بعد دھولیجئے۔ جھریاں ختم ہونے کے علاوہ جلد کے زیادہ کھلے مسام بند ہوجائینگے۔

سب سے اہم بات یہ ہے کہ خوش رہیں خوشی آپ کے چہرے کی رونق کو بڑھادیتی ہے۔

بشکریہ عبقری میگزین

Disclaimer: All material on this website is provided for your information only and may not be construed as medical advice or instruction. No action or inaction should be taken based solely on the contents of this information; instead, readers should consult appropriate health professionals on any matter relating to their health and well-being. The data information and opinions expressed here are believed to be accurate, which is gathered from different sources but might have some errors. Hamariweb.com is not responsible for errors or omissions. Doctors and Hospital officials are not necessarily required to respond or go through this page.

Jaleel Ahmed
About the Author: Jaleel Ahmed Read More Articles by Jaleel Ahmed: 383 Articles with 1186113 views Mien aik baat clear karna chahta hoon k mery zeyata tar article Ubqari.org se hoty hain mera Ubqari se koi barayrast koi taluk nahi. Ubqari se baray r.. View More