پروموشن ملے گی ؟

خاطرات :امیرجان حقانی

یہ آج عصر کے بعد کی بات ہے
دکان میں تین دوست بیٹھے تھے. میں جیسے ہی داخل ہوا تینوں نے احترام سے جگہ دی. گپ شپ لگی. تینوں میرے جاننے والے تھے.
ان سے کہا. بھائی لوگو! کل پشاور جارہا ہوں. ہائیر ایجوکیشن اکیڈمی فار ریسرچ اینڈ ٹریننگ(HEART) میں دس روزہ "ماسٹر ٹرینر" کی ٹریننگ ہے. ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ گلگت بلتستان نے 15 پروفیسروں کو منتخب کیا ہے.ان میں راقم کا نام بھی ہے. اگلے دس دن پشاور حیات آباد میں گزریں گے.کچھ نیا سیکھنے کو ملے گا. ان شاءاللہ

انہوں نے کہا اس ٹریننگ کے بعد آپ کو پروموشن ملے گی؟ عرض کیا نہیں ملے گی. پھر جانے کا فائدہ؟
عرض کیا ہم استاد لوگ سیکھنے سکھانے پر یقین رکھتے ہیں؟ سیکھنے سکھانے کے مزے لیتے ہیں. کچھ نیا سیکھیں گے تو اپنے طلبہ کو بھی سیکھائیں گے.

اچھا اچھا.

آپ پندرہ آفیسر ہیں.

جی ہم پندرہ لیکچرار اور پروفیسر ہیں.

آپ لوگوں کا گریڈ کیا ہوتا ہے.؟ جی 17، 18 اور 19 گریڈ کے لوگ ہیں.

کل کب نکل رہے ہیں؟

جی چار بجے نکل رہے ہیں؟

کیوں؟ جلدی کیوں نہیں نکل رہے؟

بس میں چار بجے کا ٹکٹ لیا ہے؟

تم لوگ بس میں جا رہے ہو؟

جی کچھ نیٹکو میں، کچھ فیصل موور میں

نیٹکو میں کیوں جارہے ہو؟ کوئی سرکاری گاڑی نہیں ہے اتنے بڑے آفیسروں کے لیے؟.

نہیں گاڑی تو نہیں ہے.

کیوں یہاں تو 14 گریڈ کا ایک نائب تحصیلدار بھی گاڑی لے کر پورے ملک گھومتا ہے. سترہ اٹھارہ گریڈ کے افسران تو مہنگی ترین گاڑیاں، گارڈ اور دیگر سہولیات کے ساتھ جگہ جگہ انجوائے کررہے ہوتے ہیں. اوپر سے بھاری بھرکم ٹی اے ڈی اے الگ بنا رہے ہیں.

اور آپ لوگ نیٹکو پر "خوار" ہورہے ہیں؟

عرض کیا
اصل میں ہم معلم لوگ ہیں، زیادہ فضول خرچی پر یقین نہیں کرتے، اور ہاں ویسے بھی ہم نے ذہنی طور پر تسلیم کیا ہوا ہے کہ ہم کوئی پروٹوکول انجوائے نہیں کرسکتے، اس لیے ہم بس نیٹکو پر ہی اچھے لگتے ہیں.یہ کہہ کر وہاں سے رفوچکر ہو گیا. مزید ان کے سوالات کا کون سامنا کرتا. 😛

وہاں سے گھر جاتے ہوئے اے ڈی انور سے منسوب یہ مقولہ یاد آرہا تھا. " بغیر گاڑی کے آفیسر ہونے سے گاڑی والے آفیسر کی بیوی ہونا زیادہ سودمند ہے".

اور ساتھ یہ خیال کھائے جارہا تھا کہ جس ملک کے 20، 21 گریڈ کے پروفیسر کو سواری کے لیے ایک سائیکل نہیں دیی جاتی وہاں چھوٹے چھوٹے گریڈ کے انتظامی ملازمین کئی کئی گاڑیاں اور دیگر مراعات انجوائے کررہے ہیں وہ ملک خاک ترقی کرے گا.

اوپر والے الفاظ لکھتے یہ ڈر بھی لگ رہا ہے کہ ان اساتذہ سے پڑھنا لکھنا سیکھنے والے ہی ابھی یہاں کمنٹس میں ان کی توہین بھی شروع کریں گے.
احباب کیا کہتے ہیں؟
 

Amir jan haqqani
About the Author: Amir jan haqqani Read More Articles by Amir jan haqqani: 444 Articles with 384908 views Amir jan Haqqani, Lecturer Degree College Gilgit, columnist Daily k,2 and pamirtime, Daily Salam, Daily bang-sahar, Daily Mahasib.

EDITOR: Monthly
.. View More