اس سب کے ذمہ دار تم ہو٬ میاں بیوی کے لڑائی جھگڑے میں ہونے والی ایسی غلطیاں جو نوبت طلاق تک پہنچا دیتی ہیں

image
 
دولوگ ساتھ رہیں تو ایسا ممکن ہی نہیں کہ لڑائی جھگڑا نہ ہو۔ لڑائی اور اختلافات تو بہن بھائیوں کے درمیان بھی ہوتا ہے جن کا رشتہ خون کا ہوتا ہے اور وہ بچپن سے ایک دوسرے کو جانتے بھی ہیں تو پھر میاں بیوی کے درمیان اختلافات کا جنم لینا کوئی اچنبھے کی بات تو ہر گز نہیں البتہ یہ ضروری ہے کہ لڑائی جھگڑے میں ایک دوسرے کو ایسے الفاظ نہ بولے جائیں جو آپ کے ساتھی کے دل میں تعلقات معمول پر آجانے کے بعد بھی چھبھتے رہیں۔ عام طور پر میاں بیوی لڑائی کے درمیان غصے میں کچھ ایسی باتیں کہہ جاتے ہیں جن کی وجہ صرف وقتی غصہ ہوتا ہے لیکن سننے والے کے لئے وہ زندگی بھر کا روگ بن جاتی ہیں ۔ اس آرٹیکل میں ہم بات کریں گے ان غلطیوں کی جن کی وجہ سے آپ اپنے ساتھی کو ہمیشہ کے لئے کھوسکتے ہیں۔
 
1- ایک وقت میں ایک ہی مسئلے پر بات کریں
 لڑائی جھگڑے کے دوران ایک وقت میں ایک ہی مسئلے پر بات کریں۔ پچھلی وجوہات کو دوبارہ دہرا کر معاملے کو نا الجھائیں۔ یہ ذہن میں رکھیں کہ لڑائی یا بحث کا مقصد تعلقات کی بحالی اور مسئلے کا حل ہونا چاہیے جو کہ پچھلی باتیں دہرا کر حاصل نہیں کیا جاسکتا۔
 
2- بہت لمبی خاموشی اختیار کرنا
اگرچہ کچھ لوگ خاموشی اس لئے اختیار کرتے ہیں تاکہ وہ کسی بحث مباحثے میں نہ پڑیں لیکن یہ طریقہ ان کے ساتھی کا دل دکھانے کا سبب بن سکتا ہے اس لئے اگر خاموشی اختیار کرنی بھی ہے تو پہلے اپنے ساتھی کو یہ بتادیں کہ آپ کو کچھ وقت کے لئے تنہائی درکار ہے اس کے بعد ہی آپ کوئی بات کرسکیں گے۔
 
image
 
3- دوسرے کے دلائل نہ سننا
بحث کرتے ہوئے اپنی آواز اونچی کرنا اور اگلے کے دلائل نہ سننا آپ کے ضدی اور ہٹ دھرم ہونے کی نشانی ہے اس کے علاوہ یہ آپ کے ساتھی کو یہ تاثر دے گا کہ آپ اسے کوئی اہمیت نہیں دیتے نہ ہی رشتہ برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ ایسا رویہ اختیار کرنے کے بجائے اگلے کی بات سنیں ہو سکتا ہے بات چیت سے کوئی مناسب حل نکل آئے۔
 
4- غلط جگہ لڑنا
کسی کے سامنے جیسے بچوں، والدین یا بہن بھائی یا پھر کسی بازار میں کھڑے ہو کر لڑنا ہرگز بھی مناسب طریقہ نہیں ہے اس سے پتہ چلتا ہے کہ آپ کو اپنے اور اپنے ساتھی کے وقار کا کوئی احساس نہیں ہے۔اگر ایسی نوعیت آجائے تو بھی صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور جو بات کرنی ہو اکیلے میں کریں۔
 
image
 
5- بھوک میں لڑائی کرنا
غصہ بھوک میں بڑھ جاتا ہے۔ اکثر بات معمولی ہوتی ہے لیکن بھوک میں چونکہ غصہ زیادہ محسوس ہورہا ہوتا ہے تو انسان ضرورت سے زیادہ ہی بول دیتا ہے۔ اگر آپ کو بھوک کے دوران کسی پر غصہ آرہا ہو تو خود کو یہ سمجھائیں کہ یہ غصہ آپ کو خوراک کی کمی کی وجہ سے آرہا ہے اس لئے جو بات کرنی ہو کھانے کے بعد ہی کریں۔
YOU MAY ALSO LIKE: