اسامہ کی ہلاکت ۔۔۔۔۔۔ حقیقت یا ڈرامہ؟

اتوار اور پیر کی درمیا نی شب ایک ناقابل یقین واقعہ ہوگیا۔ یہ واقعہ رات کی تاریکی میں ایسے ہوا کہ کسی پاکستانی کو اس خبر کی ہوا تک لگنے نہیں دی۔ اسامہ بن لادن جو کہ امریکہ کو انتہائی مطلوب افراد سب سے اہم تھا اور جس کی خاطر امریکہ نے افغانستان میں اپنی فوجیں اتاری تھیں اس کا جس انداز میں ڈراپ سین ہوا یہی اس کہانی کو ناقابل یقین بنانے کے لئے کافی ہے۔ اس واقعے کے اوپر تبصرے تو بہت ہوئے ہیں مگر جو چیز سمجھ سے باہر ہے وہ یہ ہے کہ اگر اسامہ بن لادن 5سال سے اتنے ہائی سیکیورٹی زون میں کیسے رہ رہا تھا۔ اور پاکستانی انٹیلیجینس کی نظروں سے کیسے بچا ہوا تھا۔ یہ چیز پاکستان کی ناکامی اور نااہلیت کو ظاہر کر رہی ہے۔اور اگر یہ پاکستانی فورسز کی مرضی سے رہ رہا تھا تو بھی پاکستان کی ناکامی واضح ہے کیونکہ امریکن راتوں رات اسامہ کو ایسے لے اڑا کہ پاکستانی انٹیلیجنس کے فرشتوں کو بھی خبر نہ ہوئی۔

سننے میں آیا ہے کہ امریکہ نے آپریشن سے پہلے پاکستانی ریڈار سسٹم کو بھی جام کردیا تھا۔ اور آخری وقت تک پاکستانیوں کو نہ بتایا کہ وہ کیا کرنے جا رہے ہیں۔ اگر ایسا ہے تو بھی پاکستان کی بڑی بدنامی ہے ویسے بھی پاکستانی حکمرانوں نے پاکستان کو بدنام کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ۔ امریکن فورس نے باقاعدہ پاکستان پر حملہ کیا ہے مگر یہ ان لوگوں کے لئے ہے جو ذہنی اور نفسیاتی طور پر آزاد ہوں۔ ہم تو غلام تھے اور ہماری سوچ ہمیشہ سے غلامانہ رہی ہے۔امریکن صدر نے اپنی قوم سے خطاب کیا اور انہیں مبارکباد دی مگر ہمیں سانپ سونگھ گیا تھا اس لئے مدہوش پڑے رہے۔کسی نے بھی قوم کو تفصیلات بتانے کی ضرورت محسوس نہیں کی ۔ کیونکہ ہم قوم تھوڑی ہیں ۔ قوموں میں تو شعور ہوتا ہے نہ ہم میں شعور ہے نہ عقل اور نہ اچھے برے کی تمیز، جیسی قوم ویسے حکمران۔۔۔۔ نہ حکمران ہمیں قوم سمجھتے ہیں اور نہ ہم خود اپنے آپ کو قوم سمجھتے ہیں۔ ورنہ کوئی تو ہونا چاہیے جو ان سے پوچھے کہ آخر ہوا کیا ہے۔ ہم تو ہر معاملے میں خاموش رہنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ اسی لئے آج تک نہ ہمیں ہمارے حقوق ملتے ہیں اور نہ ہم انسان سمجھے جاتے ہیں۔ جس کی سمجھ میں جو آتا وہی کر تا جاتا ہے قومی وقار اور عزت کی کسی کو کوئی خیال نہیں۔۔۔

اب آنے والے دن ہمارے لئے اور بھی مشکل ہونگے کیونکہ ہم پہلے سے انکاری تھے کہ اسامہ ہمارے پاس نہیں ہے لیکن وہ تو پاکستان کے ہائی سیکیورٹی زون سے ببانگ دہل آئے اور مار کے چلے گئے۔ اب بین الاقوامی طاقتوں کی جانب سے پریشر آئے گا کہ باقی لو گ بھی پاکستان نے ہی چھپاکر رکھا ہوا ہے لہٰذا وہ بھی نکالے جائیں۔۔ کیونکہ اس علاقے میں موجود ہونے کا مطلب صاف ظاہر ہے کہ اسے پنا ہ دیا ہوا تھا ورنہ اسامہ خود سے یہ خطرہ نہیں مول سکتا۔۔۔

یہ اچنبھے کی بات ہے کہ آپریشن پاکستان کی سرزمین میں ہورہا ہے اور پاکستانیوں کو ا س بات کا پتا ہی نہیں ہے اور پاکستانیوں کو تب پتا چلتا ہے جب امریکہ کا صدر اپنی قوم سے خطاب کر کے بتاتا ہے ۔ پاکستانیوں کے اس سے بڑی شرم کی بات اور کوئی نہیں ہوسکتی۔۔
habib ganchvi
About the Author: habib ganchvi Read More Articles by habib ganchvi: 23 Articles with 21547 views i am a media practitioner. and working in electronic media . i love to write on current affairs and social issues.. .. View More