انکاؤنٹر : تم قتل کروہو کہ کرامات کرو ہو

للن ریڈی نے کلن راو سے کہا یار اپنا جمن سیٹھ تو بڑا چالاک نکلا ۔
کلن راو بولا یار کل یگ میں جس کے پاس چار پیسے آجاتے ہیں وہ چالاک تو کیا چانکیہ بھی کہلانے لگتا ہے ۔
مجھے پتہ ہے امیر کبیر لوگ خود اپنے ہی روپیوں سے تہنیتی جلسے منعقد کرواتے ہیں اور خود ہی ہار پھول منگوا کر اپنے گلے میں ڈلواتے ہیں۔
جی ہاں جمن سیٹھ تو مشاعرے تک کروا کر اس کی صدارت کرتاہےحالانکہ وہ شاعری تو دور دو جملے بھی صحیح بول نہیں سکتا۔
اچھا یاد آیا کئی سال قبل اس کی صدارت میں کلیم عاجز نے جو شعر پڑھا تھا اس نے اسے سچ کردکھایا۔
یار تم کو شعر شاعری میں بڑی دلچسپی ہے مجھے بھی تو سناو وہ شعر؟
کلیم مرحوم نے اس شعر پر مشاعرہ لوٹ لیا تھا کہ : دامن پہ کوئی چھینٹ نہ خنجرپہ کوئی داغ تم قتل کروہو کہ کرامات کرو ہو
یار للن پہلے تو مجھے شعر مشکل سے سمجھ میں آتا ہے اور پھر اس میں جمن سیٹھ ۔ کچھ سمجھ میں آیا کھل کر بتا و کیا ہوا؟
ہوا یہ کہ اپنے گاوں کی وکیل لکشمی جیوتی کالج کے زمانے میں اس کے ساتھ پڑھتی تھی۔
لیکن وہ تو بہت پرانی بات رہی ہوگی۔ اب تو اس بیچاری کا قتل بھی ہوگیا ۔وہ درمیان میں کہاں سے آگئی ؟
وہی تو جمن کی چالاکی ہے۔ جمن اس پر ڈورے ڈالتا تھا اور اپنے باپ کی جاگیرداری کا رعب جھاڑتا تھا مگر وہ اس کو گھاس ہی نہیں ڈالتی تھی۔
یار یہ تو کالجوں کی عام سی کہانی ہے۔ اب اس کو یاد کرنے سے کیا فائدہ ؟
جمن نے وہ بات دل پر لے لی اور اسے چیلنج کردیا کہ اگر اس نے کسی سے شادی کا ارادہ کیا تو اسے جان سے ماردے گا؟
اچھا تو کیا اس نے لکشمی کے منگیتر کا قتل کردیا؟
جی نہیں ۔ ایسا کرنے سے پہلے وہ میرے پاس مشورے کے لیے آیا اور مجھ سے بہت بڑی حماقت سرزد ہوگئی۔
ارے یہ کیا ؟ کبھی اس کی چالاکی اور کبھی تمہاری حماقت ؟ میں تو تم کو بہت عقلمند سمجھتا تھا ۔
جی ہاں میں بھی اپنے بارے میں بڑی خوش فہمی کا شکار تھا مگر سب الٹا ہوگیا۔
ہوا کیا؟ یہ بھی بتاو گے یا پہیلیاں بھجواتے رہوگے ؟؟
بھائی میں نے اس کو سمجھایا کہ تم ایک منگیتر کو قتل کروگے تو وہ کسی اور سے شادی کرنے کا ارادہ کرلے گی ۔ اس طرح کتنوں کو قتل کرواوگے اور ایک نہ ایک دن پکڑے جاوگے بلکہ پھانسی پر چڑھ جاوگے۔
تم نے دوستی کا حق ادا کردیا ۔بہت اچھی بات سمجھائی ۔
جی ہاں ! میں بھی یہی سمجھتا تھا۔ میں اپنے چچا اچھن ریڈی کا بڑا بیٹا ہے اس لیے میں اس کا خیر خواہ تھا۔
وہ تو مجھے معلوم ہے ۔
اس لیےمیں نہیں چاہتا تھا کہ اس کی کسی ایسی ویسی حرکت سے ہمارا خاندان بدنام ہوجائے۔
وہ اگر تمہارے خاندان کا فرد نہیں ہوتا تب بھی انسانیت کے ناطے تم کو یہی کرنا چاہیے تھا ۔
وہ تو ٹھیک ہے لیکن جمن نے میری بات کا الٹا مطلب لےلیا۔
کلن نے چونک کر پوچھا ، اچھا وہ کیا؟
اس نے لکشمی کا ہی کانٹا نکالنے کا ارادہ کرلیا ۔
لیکن تم تو کہہ رہے تھے کہ وہ اس پر مرتا تھا؟
جی ہاں انتقام کی آگ نے اسے مرنے مارنے پر آمادہ کردیا۔
لیکن لکشمی کو مارنے والوں کو تو پولس نے مار کر فائل بند کردی ۔ اس میں جمن کہاں سے آیا ؟
تمہیں وہ شعر نہیں یاد جو میں نے ابھی سنایا تھا۔ وہ تو بالکل مچھلی کی طرح نکل گیا ۔ کسی کو اس پر نہ شک ہوا اور نہ ہوگا۔
جی ہاں چونکہ فائل ہی بند ہوچکی ہے اس لیے جمن کا منصوبہ صد فیصد کامیاب ہوگیا ۔
وہ تو ٹھیک ہے لیکن اس کا منصوبہ کیا تھا ؟
اس نے سہ رخی منصوبہ بنایا۔ سب سے پہلے انڈرورلڈ کے بادشاہ کمارشیٹی کو سپاری دی ۔ اس کے بعد میڈیا کو خریدا اور پھر پولس کو بھی اپنا ہمنوا بنالیا۔
ارے جمن نے یہ سب کردیا! حیرت ہے۔ مجھے تو وہ بیوقوف نظر آتا ہے۔
کلن بھائی جو جیسا ہوتا ہے ویسا نہیں دِ کھتا اور جو جیسا دِکھتا ہے وہ ویسا نہیں ہوتا۔
یار للن تم کو فلموں میں مکالمہ لکھنا چاہیے لوگ قادر خان کو بھول جائیں گے۔
ارے بھائی ڈائیلاگ تو منظر نامہ پر لکھے جاتے ہیں اگر وہی نہ ہو یا کمزور ہوتو مکالمہ نویس کیا کرسکتاہے؟
جی ہاں ۔ اچھا اب وہ اسکرپٹ بتاو کیونکہ کمار شیٹی والی بات تو سمجھ میں آگئی لیکن اس میں میڈیا اور پولس کارول میری سمجھ میں نہیں آیا۔
میں تم سے ایک سوال کرتا ہوں ۔ یہ بتاو کہ جب کوئی انکاونٹر ہوتا ہےتو لوگ اس پر خوش ہوتے ہیں ناراض ہوتے ہیں؟
بھائی ایسا ہے کہ ماورائےقانون قتل و غارتگری کوئی غنڈہ کرے یا پولس دونوں مجرم ہیں اس لیے اس کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔
اچھا یہ بتاو کہ اس بار کیا ہوا ؟ لوگوں نے خوشی منائی یا اپنے غم و غصے کا اظہار کیا؟
اس مرتبہ تو لوگوں نے مٹھائیاں تقسیم کیں اور پھلجھڑیاں اڑائیں ۔
تمہارے خیال میں یہ تبدیلی کیونکر واقع ہوگئی ؟
بھائی اس کی وجہ تو وہ احتجاج تھا جس نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ۔
لیکن ہندوستان بھر میں ہر روز اوسطاً ۱۸ عصمت دری کے واقعات ہوتے ہیں۔ اس پر احتجاج کیوں نہیں ہوتا ؟
جی ہاں مجھے حیرت ہے کہ اناو کی ایک لڑکی کو زندہ جلانے کی کوشش کی جاتی ہےوہ جلی ہوئی حالت میں ایک کلومیٹر پیدل جاتی ہے اور کوئی اس کی مدد کے لیے نہیں آیا جبکہ ملک بھر میں لکشمی کےلیے موم بتیاں جلتی رہتی ہیں ۔ یہ سب کیوں ہوتا ہے میری سمجھ میں نہیں آتا۔
وہی تو ہے جمن ّ سیٹھ کا کمال ۔ اس نے پہلے تو میڈیا کو پیسہ کھلا کر اس معاملے میں سنسنی پیدا کی ۔ اس کے نتیجے میں سیدھے سادے لوگ سڑکوں پر اتر آئے
جی ہاں للن میں بھی احتجاج میں گیا تھا اور پچھلے دودنوں سے میں نے نہ تو کوئی اور خبر دیکھی اور نہ ہی کوئی ویڈیو دیکھی ۔ لکشمی کا قتل اعصاب پر سوار رہا۔
اور اس غم و غصے کا فائدہ اٹھا کر جمن سیٹھ چند مخبروں کو گرفتار کرکے پولس کے ذریعہ ان کا انکاونٹر کروا دیا۔
ہاں یار کمال ہوگیا ۔ سارے لوگ خوشی مناتے رہے اور جمنّ کھلا چھوٹ گیا ۔ کسی کو اس کا خیال ہی نہیں آیا۔
بھئی مان گئے تمہارے چچا زاد بھائی جمن ّ ریڈی نے توکلیم عاجزؔ کی طرح زمانہ لوٹ لیا:
دامن پہ کوئی چھینٹ نہ خنجر پہ کوئی داغ تم قتل کروہو کہ کرامات کرو ہو


 

Salim
About the Author: Salim Read More Articles by Salim: 2059 Articles with 1249314 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.