کیا آپ موجودہ حکومت کی کارکردگی سے مطمئین ہیں؟

یقیناً انجینئرنگ ایک مشکل شعبہ ہے لیکن اچھے انجینئیر بہترین معیشت اور ملک کے مضبوط بنیادی ڈھانچے کے ضامن ہوتے ہیں- انجینئرنگ کرنا بھی کوئی آسان کام نہیں اور اس شعبے کو اپنی زندگی مقصد بنانے والوں کو پہلے روز سے ہی ہر قدم پر نمایاں کامیابیاں حاصل کرنی ہوتی ہیں- اور تب ہی یہ لوگ مستقبل میں ایک بہترین انجینئیر بن کر ملک و قوم کی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کرسکتے ہیں- مستقبل کے چند انجینئرز کی ایک مثال اس وقت دیکھنے میں آئی جب گزشتہ روز کراچی انٹرمیڈیٹ بورڈ نے پری انجینئرنگ کے سالانہ امتحانات برائے 2019 کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے ان امتحانات میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے والے طالبعلموں کو ان کی کامیابی پر نہ صرف شاباش دی بلکہ ان کی کاوشوں کو سراہا بھی اور ساتھ ہی انعامی چیک سے بھی نوازا- ہماری ویب نے ان پوزیشن ہولڈرز سے خصوصی بات چیت کی جس میں مختلف سوالات کیے گئے- ان سوالات و جوابات کا مقصد جہاں ایک جانب ان پوزیشن ہولڈرز کو آئیڈیل کے طور پر پیش کرنا ہے وہیں دوسری طرف دیگر طالبعلموں کی رہنمائی کرنا بھی ہے-
 

image


سب سے پہلے ہم بات کریں گے پری انجینئیرنگ کے سالانہ امتحانات برائے 2019 میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی خوش نصیب طالبہ علشبہ ارشد سے- علشبہ نے ان امتحانات میں 1100 میں سے 1005 نمبر حاصل کیے-

ہماری ویب: کالج کا نام؟
علشبہ ارشد= میٹروپولس انٹرمیڈیٹ کالج فور گرلز-
 

image


ہماری ویب: پوزیشن حاصل کرنے پر کیا احساسات ہیں؟
علشبہ ارشد= میں بہت خوش ہوں اﷲ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس نے مجھے عزت سے نوازا ہے- یہ میرے والدین کی دعائیں ہیں کہ مجھے اپنے خواب کی تعبیر مل گئی-

ہماری ویب: کیا کالج روزانہ جاتی تھیں؟
علشبہ ارشد= جی ہاں میرا کالج پرائیوٹ تھا اور روزانہ کلاسز ہوتی تھیں-

ہماری ویب: کیا کوچنگ بھی جوائن کیا؟
علشبہ ارشد= نہیں ضرورت نہیں پڑی کیونکہ کالج میں اساتذہ بہترین تھے اس لیے باہر سے کسی کی مدد نہیں لینا پڑی-

ہماری ویب: آپ نے پری انجینئیرنگ کا انتخاب کیوں کیا؟
علشبہ ارشد= ہمیشہ سے ہی میتھ میں میری دلچسپی تھی اسی لیے پری انجینئیرنگ کا انتخاب کیا-

ہماری ویب: آپ کے والدین کیا کرتے ہیں؟
علشبہ ارشد= میرے والد بزنس مین ہیں جبکہ والدہ ہاؤس وائف ہیں-

ہماری ویب: آپ کی نظر میں ملک کا سب سے بڑا مسئلہ کیا ہے؟
علشبہ ارشد= میری نظر میں پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ تعلیم ہے-

ہماری ویب: موجودہ حکومت کی کارکردگی سے مطمئین ہیں؟ مزید اقدامات کیا ہوسکتے ہیں؟
علشبہ ارشد= جہاں تک میری سمجھ ہے تو میں یہی کہوں گی کہ حکومت کچھ شعبوں میں کامیاب ہے اور کچھ میں ناکام- حکومت کو تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں کیونکہ تعلیم حاصل کرنے کے بعد ہی نوجوان ترقی کر سکتے ہیں-

ہماری ویب: کیا آپ غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیتی ہیں اور مشاغل کیا ہیں؟
علشبہ ارشد= میں غیر نصابی سرگرمیوں حصہ تو ضرور لیتی ہوں لیکن صرف انہی میں جو خاندان کی سطح پر ترتیب دی جائیں-

ہماری ویب: آپ دوسرے طالبعلموں کو تعلیم میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے کے لیے کیا پیغام دیں گیں؟
علشبہ ارشد= خوب محنت کریں، چور دروازوں اور رٹا سسٹم سے بچیں اور اپنی کامیابی کے لیے دعائیں کریں بھی اور کروائیں بھی-

چند ناگزیر وجوہات کی بنا پر پری انجینئرنگ کے سالانہ امتحانات برائے 2019 میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے خوش نصیب طالبعلم عنایت علی سے رابطہ ممکن نہیں ہوسکا- عنایت علی نے 1100 میں سے 990 نمبر حاصل کیے- عنایت علی گورنمنٹ نیشنل کالج کے طالبعلم ہیں-
 

image


آئیے اب بات کریں گے پری انجینئیرنگ کے سالانہ امتحانات برائے 2019 میں تیسری پوزیشن ( دو طالبعلم ) حاصل کرنے والے پہلے خوش نصیب طالبعلم عدنان علی بیگ سے- عدنان نے ان امتحانات میں 1100 میں سے 989 نمبر حاصل کیے-

ہماری ویب: کالج کا نام؟
عدنان علی بیگ= آدمجی گورنمنٹ سائنس کالج-
 

image


ہماری ویب: پوزیشن حاصل کرنے پر کیا احساسات ہیں؟
عدنان علی بیگ= بہت اچھا لگ رہا ہے اور اﷲ تعالیٰ کا شکر ہے کہ میں نے یہ پوزیشن حاصل کی- کراچی کے اعلیٰ ثانوی بورڈ میں مجھے تیسری پوزیشن حاصل ہوئی-

ہماری ویب: کیا اس سے قبل بھی آپ نے کسی کلاس میں پوزیشن حاصل کی ہے؟
عدنان علی بیگ= اسکول میں تو پوزیشن آتی تھی لیکن بورڈ کی سطح پر پہلی مرتبہ پوزیشن حاصل کی ہے-

ہماری ویب: آپ کی نظر میں ملک کا سب سے بڑا مسئلہ کیا ہے؟
عدنان علی بیگ= اس وقت ہمارے ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ناخواندگی ہے- اس میں بھی زیادہ مسئلہ خواتین کی تعلیم کا ہے- ایک حد تک خواتین کے تعلیم حاصل کرنے کے رجحان میں اضافہ ہورہا ہے جو کہ خوش آئند بات بھی ہے کیونکہ اگر خاتون تعلیم یافتہ ہوگی تو وہ اپنے پورے خاندان کو تعلیم یافتہ بنا سکتی ہے- لیکن اس رجحان میں ابھی بھی بڑی حد تک اضافے کی ضرورت ہے-

ہماری ویب: موجودہ حکومت کی کارکردگی سے مطمئین ہیں؟ مزید اقدامات کیا ہوسکتے ہیں؟
عدنان علی بیگ= یوں تو میں حکومت کی پالیسیوں سے اتفاق رکھتا ہوں لیکن اگر بات کی جائے تعلیم کی اور وہ بھی بالخصوص غریب کے بچوں کی تعلیم کی تو ہمارے ہاں کوئی اسٹوڈنٹس ویلفئیر موجود نہیں ہے- اعلیٰ یونیورسٹیوں کی فیسیں اتنی زیادہ ہیں کہ وہاں کسی غریب کا داخلہ لینا تقریباً ناممکن ہے-

ہماری ویب: کیا آپ غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیتے ہیں اور مشاغل کیا ہیں؟
عدنان علی بیگ= زیادہ تر پڑھائی ہی ہوتی ہے لیکن کبھی کبھی ناول بھی پڑھ لیتا ہوں- اس کے علاوہ کوئز شوز اور تقاریر کے مقابلوں میں بھی حصہ لینے کا شوق ہے-

چند ناگزیر وجوہات کی بنا پر پری انجینئرنگ کے سالانہ امتحانات برائے 2019 میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی دوسری خوش نصیب طالبہ عائشہ خالد سے بھی رابطہ ممکن نہیں ہوسکا- عائشہ خالد نے 1100 میں سے 989 نمبر حاصل کیے- عائشہ خالد بی اے ایم ایم پی ای سی ایچ ایس گورنمنٹ کالج فور وومن کی طالبہ ہیں-
 

image
YOU MAY ALSO LIKE:

Hamariweb conducted special interviews of Position holder’s students of Inter Pre-Engineering of Board of Intermediate Education Karachi (BIEK). Alishba Arshad, Inayat Ali, Adnan Ali Baig and Ayesha Khalid are the brilliant students as first, second and both third position respectively. Position holders share their feeling on success, about their teachers, education system, parents and their time table.