ایشین گیمز: فٹبال میں پاکستان کی 44 سال بعد پہلی کامیابی

انڈونیشیا میں جاری ایشین گیمز 2018 کے فٹبال مقابلوں میں پاکستان نے نیپال کو 2-1 سے شکست دے کر 44 سال بعد ایشین گیمز کے کسی فٹبال میچ میں کامیابی حاصل کی ہے۔

اتوار کو انڈونیشیا کے شہر بیکاسی میں گروپ ڈی کے کھیلے گئے میچ میں نیپال کو 11 ویں منٹ میں شہباز یونس کے اون گول کی بدولت سبقت حاصل ہوگئی۔
 

image


تاہم دوسرے ہاف میں پاکستان نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا اور میچ کے 55ویں منٹ میں پاکستان کی جانب سے محمد بلال نے گول کر کے سکور برابر کر دیا۔

میچ کا فیصلہ کن گول میچ کے 72 منٹ میں صدام حسین نے پینلٹی کک پر کیا اور پاکستان کو 2-1 کی برتری حاصل ہوگئی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔

پاکستان کی ایشین گیمز 2018 میں یہ پہلی فتح تھی اور تین میچ کھیلنے کے بعد گروپ ڈی میں اس کی اب تیسری پوزیشن ہے۔

ایشین گیمز میں پاکستان کی فٹبال ٹیم کا آغاز متاثر کن نہ تھا۔ 14 اگست کو اسے ویتنام کے ہاتھوں 3-0 اور 16 اگست کو جاپان سے 4-0 سے شکست کا سامنا ہوا تھا۔
 


پاکستانی ٹیم کی 44 سال بعد ایشین گیمز میں فتح کی گونج سوشل میڈیا پر بھی سنائی دی اور کرکٹر حسن علی سمیت بہت سے افراد نے اس پر خوشی کا اظہار ٹوئٹر پر کیا۔
 

 

 


خیال رہے کہ پاکستان نے ایشین گیمز میں فٹبال مقابلوں میں اب تک صرف تین میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ اس سے قبل پاکستان نے سنہ 1954 میں فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں اور سنہ 1974 میں تہران میں منعقدہ ایشین گیمز میں ایک، ایک میچ میں کامیابی حاصل کی تھی۔

سنہ 2002 میں ایشین گیمز کے فٹبال مقابلوں میں شرکت کے اصول و ضوابط میں تبدیلی کی گئی تھی۔ اب صرف تین سینیئر کھلاڑی ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں جبکہ بقیہ کھلاڑیوں کی عمر 23 سال یا اس سے کم ہونا لازمی ہے۔
YOU MAY ALSO LIKE:

Pakistan clinched a 2-1 win over Nepal in the Asian Games 2018 Group D football match in Jakarta on Sunday. Nepal went ahead as Shahbaz Younas scored an own goal in the 11th minute.