شادی خانہ آبادی

کچھ دنوں سے خبر گردش میں ہے کہ عمران خان نے تیسری شادی کر لی لیکن پھر پی ٹی آئی کے نمائیندوں نے خبرکی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ابھی صرف پرپوزل دیا گیا ہے اب خاتون کی جانب سے ہاں پر ہی نکاح ممکن ہوگا خبروں کے مطابق خاتون کے سابقہ شوہر کا کہنا ہے کہ انھوں نے تین ماہ پہلے طلاق دی تھی خلاح نہیں لیا گیا جب کہ اس سے پہلے یہ کہا جا رہا تھا کہ شاید عمران خان نے اس گھر کو اجاڑا ہے لیکن شوہر کی ویڈیو سے معلوم ہوتا ہے کہ ایسا نہیں ہے اور ان دونوں کی ا ٓپس کی روحانی چپقلش پر یہ طلاق ہوئی اور انھوں نے فرمایا کہ ان کی سابقہ بیوی انتہائی پاک باز خاتون ہیں اور بیٹے نے بھی کہا کہ میری والدہ ہر وقت اﷲ کا ورد کرتی رہتی ہیں۔

ہمارے معاشرے میں ایک بات طے ہے کہ اگر کسی بات کے پیچھے پڑ جائیں تو بغیر چھان بین کے خبر کو کہیں سے کہیں پہنچا دیتے ہیں اور گرم مصالحہ لگا کر خبر کی اصلیت کو بھی بگاڑ دیا جاتا ہے شادی ہر شخص کا حق ہے اور اس کو مکمل آزادی ہے کہ جس سے وہ شادی کا خواہاں ہو لیکن جب کوئی معروف شخص شادی کا خواہاں ہوتا ہے تو پھر خبر بنتی ہے اور اس کو بارہ مصالحے لگا کر عوام کے سامنے پیش کر دیا جاتا ہے میرے ذاتی خیال میں ہمیں کسی بھی شخص کی ذاتیات سے بالا تر ہو کر کوئی بات نہیں کرنی چاہیئے جس سے اس کی بد نامی کا خدشہ ہو خاص طور پر اگر کسی خاتون کی بات ہو تو ہمیں مزید احتیاط سے کام لینے کی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ عزت تو سب کی سانجھی ہوتی ہے۔

شادی کی بات ہو رہی ہے تو مجھے اپنے ایک عزیز دوست کی بات یاد آ رہی ہے بیان کرتا چلوں ہمارے ایک دوست لکھاری ہیں جن کا تعلق خانیوال سے ہے انھوں نے دو شادیاں کر رکھی ہیں میں نے ان سے پوچھا کہ کیا ا ٓپکی دونوں بیویاں ا ٓپ کے ساتھ رہتی ہیں یا انہیں علیحدہ علیحدہ رکھتے ہیں تو موصوف کا کہنا تھا کہ دونوں میرے ساتھ اکھٹی رہتی ہیں اور کبھی کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا جس پر مجھے حیرانی ہوئی کہ دو سوکنیں ایک ساتھ عرصہ سے رہ رہی ہیں یقیناً یہ کمال ہمارے دوست ہی کا ہے اور ان کی خوبی ہے کہ وہ دونوں خوش و خرم زندگی بسر کر رہی ہیں ایسی حالت میں اگر وہ تیسری بھی کر لیں تو کوئی مضائقہ نہیں لیکن یہ ان کا ذاتی معاملہ ہے۔

جب ہم اپنے اس دوست کی ہمت کو دیکھتے ہیں تو خیال آتا ہے کہ دوسری شادی کر لیں لیکن پہلی بیوی کو دیکھتے ہیں تو پھر سوچتے ہیں کہ جب ایک سے زندگی میں سکون و آرام ہے تو خواہ مخواہ دوسری کا رسک کیوں لیں اسی لئے ایک پرہی اکتفا کئے ہوئے ہیں یقیناً ہر شخص دوسری شادی کا خواہاں ہوتا ہے لیکن ضروری ہے کہ ہمارے دوست کی طرح کوئی کلیہ آپ کے پاس موجود ہو جس سے آپ اپنی زندگی خوشگوار بنا سکیں۔پہلے زمانے میں شادیاں اپنے رشتہ داروں اور پڑوس وغیرہ سے طے ہو جاتی تھیں لیکن آج کل شادی کرنے کا زاویہ بالکل تبدیل ہو چکا ہے آج کے نئے زمانے میں دنیا ایک گلوبل ویلج کا روپ دھار چکی ہے اور ایک بٹن کے کلک سے آپ دوسری دنیا میں پہنچ جاتے ہیں ابھی میں کل ہی ایک خبر پڑھ رہا تھا کہ ایک پاکستانی نے جاپان کی لڑکی سے شادی کر لی ایسی کئی خبریں اب پڑھنے کو ملتی ہیں یہ سب کمال انٹر نیٹ کا ہی ہے فیس بک پر دوستی ہوئی اور لڑکی شادی کرنے پاکستان پہنچ جاتی ہے کون کہتا ہے کہ پاکستانی فیس بک پر وقت ضائع کرتے ہیں وہ تو بیچارے اپنی زندگی بنانے کے لئے فارن دلہن کا بندوبست کرتے ہیں اور کامیاب ہو جاتے ہیں ۔

بات ہو رہی تھی خان صاحب کی شادی کی اور بات کہیں سے کہیں نکل گئی میری دعا ہے کہ خان صاحب تیسری شادی ضرور کریں ہو سکتا ہے کہ یہ تیسری بیوی ان کے لئے وزیر اعظم بننے کی خوش خبری لے کر آئے لیکن ایک معروف نجومی ماموں نے عمران خان کو ستمبر سے پہلے شادی نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے اب یہ تو معلوم نہیں کہ عمران خان اس نجومی بابا کی بات مانتے ہیں یا نہیں ؟ہاں ویسے وہ ایک خبر میں نجومیوں کی بات بتا رہے تھے کہ نجومیوں نے کہا ہے کہ 2018 میں وزیر اعظم عمران خان بنیں گے اب یہ تو وقت ہی بتائے گا کہ وہ وزیر اعظم بنتے ہیں یا نہیں؟ہاں لیکن تیسری بار وہ شادی کرنے میں ضرور کامیاب ہوں گے اور میری دعا ہے کہ ان کی یہ شادی تاحیات قائم و دائم رہے ۔آمین

H/Dr Ch Tanweer Sarwar
About the Author: H/Dr Ch Tanweer Sarwar Read More Articles by H/Dr Ch Tanweer Sarwar: 320 Articles with 1852473 views I am homeo physician,writer,author,graphic designer and poet.I have written five computer books.I like also read islamic books.I love recite Quran dai.. View More