Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی کو ہوم گراؤنڈ پر شکست، اسلام آباد نے سات وکٹوں سے میدان مار لیا

کراچی کنگز اپنے ہُوم گراؤنڈ پر یہ پہلا میچ کھیل رہی تھی (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ کے 15ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے 166 کا ہدف 18ویں اوور کی تیسری گیند پر تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔  کراچی کنگز کے بولرز اسلام آباد یونائیٹڈ کے بلے بازوں کے سامنے ناکام رہے۔
کولن منرو اور ایلکس ہیلز کی 11ویں اوور تک کی شاندار پارٹنر شپ نے فتح اسلام آباد یونائیٹڈ کے نام کی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگز
اسلام آباد یونائیٹڈ نے ہدف کے تعاقب کا آغاز کیا تو پہلی وکٹ 11ویں اوور کی تیسری گیند پر گری۔
ایلکس ہیلز نے 47 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، وہ اپنی نصف سینچری مکمل کرنے کی کوشش میں حسن علی کی گیند پر عرفان خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
اننگز کے آغاز سے ہی اوپنر کولن منرو کے چوکوں اور چھکوں نے فتح کو کراچی کنگز سے دور کر دیا۔
کولن منرو آٹھ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 82 رنز بنانے کے بعد محمد نواز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ اس طرح وہ پی ایس ایل نو کی تیسری اور اپنی پہلی سینچری بنانے میں ناکام رہے۔
اس کے بعد عماد وسیم صفر پر آؤٹ ہوگئے، سلمان علی آغا نے 25 جبکہ کپتان شاداب خان 10 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
اس طرح اسلام آباد یونائیٹڈ کراچی کنگز کے خلاف سات وکٹوں سے ٖفتح حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔
کراچی کنگز کی بولنگ لائن شروع سے ہی مشکلات کا شکار رہی۔ محمد نواز، تبریز شمسی اور حسن علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
کراچی کنگز کی اننگز
کراچی کنگز نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ٹیم کو پہلا نقصان اس وقت ہوا جب ٹم سیفرٹ دوسرے اوور کی چوتھی گیند پر صرف آٹھ رنز بنا کر اعظم خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
لیوس ڈی پلوئے 15 گیندوں پر 24 رنز بنا کر آغا سلمان کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔
شعیب ملک بھی اچھی کارگردگی دکھانے میں ناکام رہے اور صرف آٹھ رنزبنا کر چلتے بنے۔ محمد نواز چھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پانچویں اور ساتویں نمبر کے بیٹرز کیرون پولارڈ اور عرفان خان نے میچ کو 20ویں اوور تک پہنچایا۔
دونوں بلے بازوں نے 75 رنز کی مشترکہ پارٹنرشپ قائم کی اور ٹیم کا مجموعی سکور 165 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
کیرون پولارڈ 48 جبکہ عرفان خان 27 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے عماد وسیم، نسیم شاہ، آغا سلمان اور حنین شاہ ایک ایک وکٹ سمیٹنے میں کامیاب رہے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کے رواں سیزن میں نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا گیا یہ پہلا میچ تھا۔
اس سے قبل پی ایس ایل کے پہلے 14 میچز لاہور اور ملتان کے سٹیڈیمز میں کھیلے گئے تھے۔

شیئر: