Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

راسی وینڈر ڈوسن کی سینچری بھی لاہور کو نہ جتوا سکی، پشاور آٹھ رنز سے کامیاب

دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز پی ایس ایل کے رواں سیزن میں اب تک کوئی بھی میچ نہیں جیت سکی( فوٹو: پی ایس ایل، ایکس)
دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان سپر لیگ کے 12ویں میچ میں پشاور زلمی نے دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز کو آٹھ رنزسے شکست دے دی۔
راسی وینڈر ڈوسن کی سینچری بھی قلندرز کے کام نہ آئی۔ پی ایس ایل کے رواں سیزن میں لاہور کو مسلسل پانچویں شکست سے دوچار ہونا پڑا۔
اتوار کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو پشاور زلمی نے صائم ایوب کے 88 رنز کی بدولت 212 رنز کا بڑا ہدف دیا۔
بڑے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز ہی بنا سکی۔ پی ایس ایل نو میں 212 سکور اب تک کا سب سے بڑا ہدف ہے۔
راسی وینڈر ڈوسن کی طرف سے بنائی گئی سینچری بھی رواں سیزن میں کسی بھی کھلاڑی کی طرف سے بنائی گئی پہلی سینچری ہے۔

لاہور قلندرز کی اننگز

212 رنز کے تعاقب میں لاہور قلندرز نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو صاحبزادہ فرحان 15 رنز بنا کر نوین الحق کی گیند پر حسیب اللہ خان کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔
فخر زمان ایک مرتبہ پھر اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے، وہ صرف چارسکور بنا کرلُوک وُڈ کا شکار بنے اور یوں شروعات میں ہی لاہور کا بیٹنگ آرڈر لڑکھڑا گیا۔
ون ڈاؤن آنے والے راسی وینڈر ڈوسن پچ پر اترے تو قلندرز کی جیت کی امید بننے لگی۔ انہوں نے سات چوکوں اور چھے چھکوں کی مدد سے 52 گیندوں پر104 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔
 شائے ہوپ 29 رنز کی اننگز کھیل کرسلمان ارشاد کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔
احسن حفیظ 20 سکور بنا کر نوین الحق کی گیند پر صائم ایوب کے کیچ کرنے سے آؤٹ ہوئے۔
جہان داد خان نے 13 اور سکندر رضا نے ایک رنزبنایا جبکہ کارلوس بریتھ ویٹ چھ رنز بنا کر ناٹ آٹ رہے۔
پشاور زلمی کے نوین الحق دو جبکہ سلمان ارشاد، لُوک وُڈ اور پاؤل ولٹر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پشاور زلمی کی اننگز

پشاور زلمی کی جانب سے صائم ایوب اور بابراعظم میدان میں اترے تو آج ان کے تیور ہی بتا رہے تھے کہ قلندرز کے بولرز کے یہ آسان میچ نہ ہو گا۔ دونوں بلے بازوں نے ابتدائی اوورز سے ہی بولرز کو آڑھے ہاتھوں لیا اور چوکوں چھکوں کی برسات کر دی۔
صائم ایوب اور بابر اعظم کی 100 سے زائد کی شراکت داری نے زلمی کے بڑا سکور بنانے میں بنیادی کردار ادا کیا۔

پشاور زلمی نے پی ایس ایل کے رواں سیزن میں اب تک کا سب سے بڑا سکور بنایا ہے(فوٹو: اے ایف پی)

پشاور زلمی کو پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب بابر اعظم اپنی نصف سینچری مکمل کرنے کی کوشش میں شاہین آفریدی کی گیند پر سکندر رضا کو کیچ دے بیٹھے۔ انہوں نے 48 رنز بنائے۔
صائم ایوب 88 رنز بنانے کے بعد سینچری کی جدوجہد میں شاہین شاہ کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے، جبکہ آصف علی کو صرف تین ہی گیندیں کھیلنا نصیب ہوئیں انہوں نے بھی شاہین کی گیند پر فخر زمان کے ہاتھوں میں کیچ دے کر وکٹ گنوائی۔
رومن پاؤل کے 46 اور محمد حارث کے 12 رنزسے پشاور زلمی کا مجموعی 212 رنز کا ہدف قائم ہوا۔
لاہور قلندرز کی جانب سے جہان داد خان نے ایک اور شاہین شاہ آفریدی نے تین وکٹیں اپنے نام کیں۔
 

شیئر: