Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وادی نیلم: ٹنڈو الہ یار کے سیاح جوڑے کا ہنی مون سوگ میں بدل گیا

جمعرات کی شام نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد سیاح کی لاش آبائی علاقے روانہ کی گئی (فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے معروف سیاحتی مقام وادی نیلم میں ایک ہوٹل میں صوبہ سندھ کے ضلع ٹنڈو الہ یار کے سیاح کی موت کا واقعہ پیش آیا ہے۔
ایس ایچ او آٹھمقام راجہ سہراب نے اردو نیوز کے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ’یہ سیاح کُٹن کے علاقے میں ایک ہوٹل کے کمرے میں مقیم تھے۔ کمرے میں گیس سلینڈر والا ہیٹر تھا جو کُھلا رہ گیا تھا۔‘
ایس ایچ او کے مطابق ‘جب آج (جمعرات کی) صبح 10 بجے تک اس کمرے سے کوئی باہر نہ آیا تو ہوٹل کی انتظامیہ نے دروازہ کھٹکھٹایا لیکن کوئی جواب نہ ملا۔‘
اس کے بعد ڈپٹی کمشنر نیلم اور ایس پی نیلم نے موقعے پر پہنچ کر اپنی زیر نگرانی رہائشی کمرے کا دروازہ توڑا تو دونوں میاں بیوی بے ہوش تھے۔‘
’سیاح جوڑے کو ہسپتال منتقل کرنے پر پتہ چلا کہ احسن الیاس دم توڑ چکے ہیں جبکہ ان کی اہلیہ ہانیہ الیاس بے ہوش تھیں۔‘
ایس ایچ او کے مطابق ’ہانیہ احسن کو پہلے مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا اور بعدازاں انہیں سی ایم ایچ مظفرآباد منتقل کر دیا گیا جہاں وہ زیرعلاج ہیں۔‘
ان کے مطابق ’ہانیہ احسن کی حالت کچھ بہتر ہے۔‘
پولیس کے مطابق ’اس جوڑے کے ساتھ ایک اور فیملی بھی موجود تھی۔ اب ہم سیاح کی میت کو کراچی بھیجنے کے انتظامات کر رہے ہیں۔‘
ٹنڈو الہ یار سے آیا ہوا یہ نوبیاہتا جوڑا ہنی مون منانے کے لیے وادی نیلم آیا ہوا تھا اور کٹن میں ’آئی بیکس کاٹیج‘ نامی ہوٹل میں ٹھہرا ہوا تھا۔
خیال رہے کہ ملک کے بالائی علاقوں سمیت پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایات دی ہیں۔

شیئر: