پشاور کے فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) ہیڈ کوارٹر پر صبح تین خودکش حملہ آوروں نے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں تین ایف سی اہلکار شہید اور 11 افراد زخمی ہوگئے جن میں تین اہلکار اور آٹھ شہری شامل ہیں۔
سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید کے مطابق حملہ صبح 8 بج کر 10 منٹ پر ہوا۔ ایک خودکش حملہ آور نے مرکزی گیٹ پر خود کو دھماکے سے اڑا دیا جبکہ دو حملہ آور ہیڈکوارٹر کے اندر داخل ہوئے۔
ایف سی اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں حملہ آوروں کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا اُس وقت ہوا جب ہیڈ کوارٹر میں پریڈ جاری تھی جہاں تقریباً 450 اہلکار موجود تھے۔
لیڈی ریڈنگ اسپتال کے ترجمان کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
آئی جی ذوالفقار حمید نے بتایا کہ دو بمبار اندر داخل ہونے کی کوشش میں مارے گئے جبکہ ایک نے خود کو دھماکے سے اُڑا دیا۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے جب کہ شواہد اکٹھے کرنے کا عمل جاری ہے۔
ایف سی ہیڈ کوارٹر پر ہونے والے خودکش حملے کے بعد عارضی طور پر بند کی جانے والی بی آر ٹی سروس بحال کر دی گئی .تفصیلات کے مطابق خودکش دھماکے کے بعد سیکیورٹی خدشات اور مسافروں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے بی آر ٹی کی مرکزی راہداری پر بسوں کی سروس عارضی طور پر معطل کیا گیا تھا تاہم فیڈر روٹس پر بس سروس معمول کے مطابق جاری رہی اور اب بی آر ٹی سروس بحال کر دی گئی ہے ۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹر پر ہونے والے دہشتگرد حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے سیکیورٹی فورسز کی جرات مندانہ کارروائی کو سراہا اور کہا کہ اس کی بدولت ایک بڑے جانی و مالی نقصان سے بچا لیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور ہدایت کی کہ انہیں فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو حکم دیا کہ واقعے کے ذمہ داران کی جلد شناخت کی جائے اور انہیں قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی حملہ ناکام بنانے والے ایف سی کے بہادر جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ جوانوں نے غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کے حملے کو ناکام بنایا۔
محسن نقوی نے حملے میں شہید ہونے والے 3 ایف سی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید جوان ہمارے ہیرو ہیں اور ان کی عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور زخمی اہلکاروں کے لیے بہترین علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔