محکمہ صحت خیبر پختونخوا کی تازہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں ڈینگی کے 43 نئے تصدیق شدہ کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد فعال مریضوں کی تعداد 288 ہوگئی ہے۔
رواں سال صوبے میں ڈینگی سے متاثرہ کل افراد کی تعداد 5 ہزار 959 تک پہنچ گئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ایک دن میں 12 نئے مریض مختلف اسپتالوں میں داخل ہوئے، جبکہ اس وقت صوبے کے اسپتالوں میں ڈینگی کے 20 مریض زیر علاج ہیں۔
رواں سال مجموعی طور پر 2 ہزار 56 مریض اسپتالوں میں داخل کیے گئے اور 5 ہزار 668 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ بدقسمتی سے، رواں سال ڈینگی سے 3 مریضوں کی موت بھی ہوئی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق مردان میں سات، نوشہرہ میں تین، بنوں میں دو اور چارسدہ و ایبٹ آباد میں ایک ایک مریض زیر علاج ہیں۔ محکمہ صحت نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ ذاتی اور پانی کے ذخیرہ ہونے والے مقامات کی صفائی کے اقدامات کریں تاکہ ڈینگی کے خطرے کو کم کیا جاسکے۔