راولپنڈی میں صوبائی حکومت کا ماحول دوست ٹرانسپورٹ منصوبہ عملی شکل اختیار کرگیا۔ پنجاب حکومت نے آج سے شہر میں الیکٹرک بس سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا، جو نہ صرف آلودگی میں کمی میں مدد دے گی بلکہ شہریوں کے سفری مسائل بھی کم کرے گی۔
راولپنڈی صدر کے علاقے میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گرین بس سروس کا افتتاح کر دیا، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، تقریب میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی، عوام کے ٹیکس سے خریدی گئی بسیں عوام کے لیے دستیاب ہیں، عوام کا کہنا ہے کہ ہمیں خوشی ہے کہ ہم سے وصول کیے گئے ٹیکس سے ہمیں ہی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔
ابتدائی مرحلے میں 45 الیکٹرک بسیں مختلف روٹس پر سڑکوں پر رواں دواں ہوں گی۔ راولپنڈی کے لیے چار روٹس مقرر کیے گئے ہیں۔
• پہلا روٹ: راجہ بازار سے کورال چوک
• دوسرا روٹ: صدر سے اڈیالہ روڈ منور کالونی
• تیسرا روٹ: صدر سے قبرستان چوک
• چوتھا روٹ: مریڑ چوک سے 26 نمبر چونگی موٹروے تک
الیکٹرک بسوں کے لیے شہر بھر میں تین چارجنگ پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں جن میں شامل ہیں:
• صدر میٹرو بس اسٹیشن کے قریب
• صدر پرانا واران بس اڈہ
• جبکہ گرین بس سروس کا مین ٹرمینل چوہڑ چوک میں قائم کیا گیا ہے۔
ضلع انتظامیہ، سیکریٹری آر ٹی اے اور ماس ٹرانزٹ پنجاب سسٹم کی نگرانی اور دیکھ بھال کے ذمہ دار ہوں گے۔
حکام کے مطابق الیکٹرک بس سروس شہر کے ماحول کو صاف رکھنے اور شہریوں کو معیاری، آرام دہ اور سستی سفری سہولت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔