پاکستان اور قطر کے درمیان اقتصادی، دفاعی اور زرعی شعبوں میں تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوگیا ہے، جس میں اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔
حال ہی میں صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے دوحہ میں قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شیخ سعود سے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک نے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں دفاعی شعبے میں مشترکہ فوجی مشقوں، دفاعی ٹیکنالوجی کے تبادلے اور فنی مہارت میں تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔ قطر کے وزیر دفاع نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے دفاعی تعاون میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
اقتصادی اور زرعی تعاون کے حوالے سے بھی دونوں ممالک نے سرمایہ کاری بڑھانے، جدید زرعی ٹیکنالوجی کے استعمال، پیداوار میں اضافے کے منصوبوں پر اتفاق کیا۔
حکومتی حکام کا کہنا ہے کہ قطر کے ساتھ بڑھتے تعلقات نہ صرف دفاعی صنعت اور برآمدات کو نئی جہت دیں گے بلکہ معیشت اور زراعت کے شعبے میں بھی ترقی کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان کی زرعی، معاشی اور دفاعی ترقی میں SIFC کا کردار انتہائی اہم ہے، جو اس تعاون کو عملی شکل دینے میں بھرپور معاونت فراہم کر رہی ہے۔