وفاقی کابینہ کا آج ہونے والا اجلاس ملتوی

image

وفاقی کابینہ کا آج ہونے والا اہم اجلاس اچانک ملتوی کر دیا گیا جس میں 27ویں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دی جانی تھی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی مصروفیات اور پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے ترمیم پر حتمی مؤقف نہ دینے کے باعث ملتوی کیا گیا۔کابینہ اجلاس کے لیے 13 نکاتی ایجنڈا تیار کیا گیا تھا تاہم پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کے جاری اجلاس کے باعث اجلاس کو ملتوی کرنا پڑا۔

ذرائع کے مطابق اب کابینہ کا اجلاس پیر یا منگل کو بلائے جانے کا امکان ہے، وزیراعظم شہباز شریف آج ایک غیرملکی دورے پر روانہ ہو رہے ہیں۔ 27ویں آئینی ترمیم کا بل آج وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد سینیٹ میں ضمنی ایجنڈے کے طور پر پیش کیا جانا تھا تاہم اب منظوری کے بغیر بل پارلیمنٹ میں پیش نہیں ہوگا۔

پیپلز پارٹی نے ترمیمی مسودے میں صوبوں کے مالیاتی حصے اور این ایف سی فارمولے سے متعلق شقوں کو مسترد کر دیا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پارٹی صوبائی شیئر سے متعلق کسی تبدیلی کی حمایت نہیں کرے گی جب کہ حکومت کی دیگر تجاویز کو بھی مسترد کیا گیا ہے۔

تاہم پیپلز پارٹی نے آرٹیکل 243 میں مجوزہ ترمیم پر غور جاری رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔دوسری جانب حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کو سینیٹ کے 96 میں سے 65 ارکان کی حمایت حاصل ہے اور اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لے لیا گیا ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کو 27ویں ترمیم میں بلدیاتی نظام کے اختیارات شامل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے جس کے بعد متحدہ نے بھی ترمیم کی حمایت کا عندیہ دیا ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں ترمیمی بل پر دوبارہ غور کیا جائے گا جس کے بعد منظوری کی صورت میں اسے پارلیمنٹ اور متعلقہ کمیٹیوں کے سامنے پیش کیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US