پاکستان میں تیز ترین انٹرنیٹ ٹیکنالوجی 5G کے آغاز کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ملک بھر میں 5G سمز جلد ہی تمام موبائل کمپنیوں کی فرنچائزز پر دستیاب ہوں گی۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ دسمبر تک 5G سروس کے آغاز کا حتمی فیصلہ کرلیا گیا ہے، جس کے بعد پاکستان دنیا کے ان ممالک کی صف میں شامل ہوجائے گا جو جدید ترین موبائل انٹرنیٹ ٹیکنالوجی استعمال کر رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق 5G ٹیکنالوجی سے صارفین کو انتہائی تیز رفتار انٹرنیٹ، کم لیٹنسی، اور بہترین کنیکٹیویٹی میسر ہوگی۔ یہ ٹیکنالوجی آن لائن تعلیم، کاروبار، ڈیجیٹل خدمات، اور سمارٹ سسٹمز کے میدان میں ایک نیا انقلاب برپا کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت آئی ٹی اور ٹیلی کام اتھارٹی نے تمام انتظامات تقریباً مکمل کر لیے ہیں، جبکہ موبائل آپریٹرز بھی اپنی نیٹ ورک اپ گریڈیشن کے آخری مراحل میں ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ 5G کی آمد سے نہ صرف صارفین کی زندگی آسان ہوگی بلکہ ڈیجیٹل معیشت کو بھی نئی سمت ملے گی۔