راولپنڈی کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں آج ایم ڈی کیٹ (Medical and Dental College Admission Test) کے دوران درجنوں طلبا امتحان دینے سے محروم رہ گئے۔ مختلف شہروں سے آنے والے طلباء نے الزام عائد کیا کہ انہیں وقت پر پہنچنے کے باوجود امتحانی مرکز میں داخل نہیں ہونے دیا گیا۔
گورنمنٹ گریجویٹ کالج سیٹلائٹ ٹاؤن میں ایم ڈی کیٹ کا ٹیسٹ جاری تھا جب کہ امتحانی مرکز کے باہر طلباء کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ طلبا کا کہنا تھا کہ وہ صبح 9 بجے کے قریب مرکز پہنچے لیکن گیٹ بند کر دیے گئے اور اندر داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔
طلبا کے ساتھ آنے والے والدین بھی پریشان دکھائی دیے اور انتظامیہ کے رویے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ متاثرہ طلبا کا کہنا ہے کہ وہ میاں والی، بھکر اور دیگر دور دراز علاقوں سے راولپنڈی پہنچے تھے اور امتحان کی تیاری میں مہینوں کی محنت ضائع ہوگئی۔
طلبا نے مزید بتایا کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہونے والے ٹی ٹونٹی میچ کے باعث سیٹلائٹ ٹاؤن کے راستے جزوی طور پر بند تھے، تاہم اس کے باوجود وہ مقررہ وقت پر امتحانی مرکز پہنچ گئے تھے۔
دوسری جانب امتحانی انتظامیہ کی جانب سے اس حوالے سے کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا۔ والدین نے حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جائیں اور متاثرہ طلبا کو دوبارہ ٹیسٹ دینے کا موقع فراہم کیا جائے۔