میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ماحولیاتی طور پر دوستانہ ٹرانسپورٹیشن کو فروغ دینے اور شہریوں کو جدید سہولیات فراہم کرنے کے مقصد کے تحت بلدیہ عظمیٰ کراچی نے شہر بھر میں الیکٹرک وہیکل (ای وی) چارجنگ اسٹیشنز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ بات میئر کراچی نے صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جس میں شہری نقل و حرکت کے لیے پائیدار اور ماحول دوست اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر مشیر مالیات کے ایم سی گلزار ابڑو، ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ دانیال علیشان، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ مشیر مہر اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
اجلاس کے دوران میئر کراچی نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ شہر کے اہم مقامات پر الیکٹرک چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کا عمل فوری طور پر شروع کریں تاکہ کاربن کے اخراج میں کمی لائی جاسکے اور شہریوں کو الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کی ترغیب دی جاسکے۔
پہلے مرحلے میں شارع فیصل، ڈاکٹر ضیاء الدین احمد روڈ اور اسٹیڈیم روڈ سمیت دیگر مرکزی شاہراہوں پر ای وی چارجنگ اسٹیشنز نصب کیے جائیں گے۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یہ منصوبہ صرف چارجنگ انفراسٹرکچر کے قیام تک محدود نہیں بلکہ اس کا مقصد شہریوں کو روایتی ایندھن سے چلنے والی گاڑیوں کے بجائے صاف، آسان اور ماحول دوست ذرائع نقل و حمل اپنانے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کے ایم سی اپنی زمین اور وسائل استعمال کرتے ہوئے ان چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کو یقینی بنائے گی تاکہ منصوبے پر کام میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو، یہ قدم کراچی کو ایک سبز، جدید اور پائیدار شہر بنانے کے ویژن سے ہم آہنگ ہے۔