اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، انڈیکس میں 5,700 پوائنٹس کا اضافہ

image

سیاسی حالات میں بہتری اور کشیدگی میں کمی کے بعد سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگیا جس کے نتیجے میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج زبردست تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔ ایک روز قبل کی شدید مندی کے بعد 100 انڈیکس 5,783.97 پوائنٹس اضافے سے 164,227.39 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق مارکیٹ میں تیزی کی بنیادی وجوہات میں سیاسی استحکام کی توقعات، جیو پولیٹیکل تناؤ میں نرمی اور معاشی اشاریوں میں بہتری کے امکانات شامل ہیں۔

اہم شعبوں میں بھرپور خریداری دیکھی گئی جن میں آٹوموبائل اسمبلرز، سیمنٹ سیکٹر،کمرشل بینک، تیل و گیس کی تلاش کی کمپنیاں ،او ایم سیز، بجلی پیدا کرنے والے ادارے، ریفائنریز شامل ہیں۔

مارکیٹ میں نمایاں اضافہ کرنے والے اداروں میں حبکو، اے آر ایل، ماری، او جی ڈی سی، پی او ایل، پی پی ایل، پی ایس او، ایس ایس جی سی، ایس این جی پی ایل اور وافی شامل ہیں اور یہ سب مثبت زون میں ٹریڈ کرتے نظر آئے۔

واضح رہے کہ پیر کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی ریکارڈ کی گئی تھی جہاں منافع کے حصول اور سرمایہ کاروں کے کمزور اعتماد کے باعث انڈیکس 4,654.77 پوائنٹس کمی سے 158,443.42 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US