مشرقِ وسطیٰ میں نئی صبح، غزہ امن معاہدے کے تحت قیدیوں کا بڑا تبادلہ

image

غزہ امن معاہدے کے تحت فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے 20 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کر دیا جب کہ اسرائیل نے 1700 سے زائد فلسطینی قیدیوں کو اپنی جیلوں سے آزاد کر دیا۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق حماس نے پیر کے روز دو مراحل میں تمام یرغمالیوں کو بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی کے حوالے کیا۔ پہلے مرحلے میں 7 اور دوسرے مرحلے میں 13 اسرائیلی شہریوں کو رہائی دی گئی۔دوسری جانب اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ حماس آج 28 یرغمالیوں کی لاشیں بھی اسرائیل کے حوالے کرے گی۔

تقریباً 1700 فلسطینی قیدی اسرائیلی جیلوں سے بسوں کے ذریعے غزہ اور مغربی کنارے منتقل کیے گئے جہاں جنوبی غزہ کے نصر اسپتال میں اُنہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ریڈ کراس کے نمائندے اور حماس کے نقاب پوش ارکان رہائی کے اس عمل کے موقع پر موقع پر موجود تھے۔

غزہ اور مغربی کنارے میں قیدیوں کی رہائی پر جشن منایا گیا کئی علاقوں میں مساجد سے تکبیریں بلند ہوئیں جب کہ تل ابیب اور اسرائیلی فوجی کیمپ رئیم کے باہر سیکڑوں شہری یرغمالیوں کی تصاویر اٹھائے موجود رہے۔فوجی قافلوں کی آمد کے ساتھ لوگوں نے اسرائیلی جھنڈے لہرائے اور یرغمالی واپس آئے کے نعرے لگائے۔

غزہ امن معاہدے پر باقاعدہ دستخطی تقریب آج مصر کے شہر شرم الشیخ میں منعقد ہو رہی ہے۔تقریب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، اور متعدد عرب و مسلم ممالک کے سربراہان شرکت کر رہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US