راولپنڈی: احتجاج کے باعث ٹرانسپورٹ بند، ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کا رش برقرار

image

راولپنڈی: مذہبی جماعت کی جانب سے احتجاج کی کال کے بعد راولپنڈی میں ٹرانسپورٹ کی بندش تیسرے روز میں داخل ہوگئی، راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کا رش کم نہ ہوسکا۔ شہری اپنے سفر کے لیے اب ٹرینوں کا استعمال کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق شہر کے مختلف ٹرانسپورٹ اڈے، میٹرو بس سروس اور مقامی پبلک ٹرانسپورٹ مکمل طور پر بند ہیں، جس کے باعث شہریوں کو اپنے منزل مقصود تک پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ دفاتر، تعلیمی اداروں اور کاروباری مراکز جانے والے افراد نے متبادل کے طور پر ریلوے سروس کا رخ کرلیا ہے۔

ریلوے حکام کے مطابق راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر ٹکٹ خریدنے کے لیے لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں، جبکہ ٹرینوں میں نشستیں دستیاب نہ ہونے کے باعث بعض مسافر کھڑے ہو کر سفر کر رہے ہیں۔ ریلوے ذرائع کے مطابق ٹرینیں اپنے معمول کے مطابق چل رہی ہیں، تاہم مسافروں کے بڑھتے دباؤ کے پیشِ نظر کئی ٹرینوں کے ساتھ اضافی کوچز لگائی گئی ہیں تاکہ رش کو کم کیا جا سکے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹ کی بندش نے روزمرہ زندگی مفلوج کر دی ہے اور اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو مزید مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ احتجاجی صورتحال کو جلد از جلد حل کیا جائے تاکہ ٹرانسپورٹ نظام بحال ہو اور شہریوں کو ریلیف مل سکے۔

دوسری جانب پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ریلوے اسٹیشن اور اس کے اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کر رکھے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US