برسوں کا انتظار ختم، ہیرا پھیری فرنچائز کا تیسرا پارٹ بننے کو تیار

image
بالی وُڈ کے مداحوں کے لیے فلم نگری سے ایک اچھی خبر آئی ہے کہ 2000 کی دہائی میں ریلیز ہونی والی مشہور کامیڈی فلم سیریز ’ہیرا پھیری‘ کا تیسرا حصہ سامنے آنے کو تیار ہے۔

ویب سائٹ پِنک ولا کے مطابق اکشے کمار، سنیل شیٹھی اور پاریش راول بالآخر راجو، شیام اور بابو راؤ کے کردار میں واپس نظر آنے والے ہیں۔

صحافی ہمیش منکڈ لکھتے ہیں کہ ’ہیرا پھیری فلم کا گینگ اپنی فرنچائز کو آگے بڑھا رہا ہے۔ فلم کے سکرپٹ کے متعلق گزشتہ کچھ مہینوں میں میٹنگز کی گئی ہیں جس کے بعد ہیرا پھیری کی ٹیم پرجوش ہے کہ ہیرا پھیری 3 طویل انتظار اور جوش کے بعد عوامی  امنگوں پر پورا اترے گی۔ اس فلم کے پروڈیوسر فیروز نادیاد والا ہیں جبکہ کاسٹ میں اکشے کمار، سنیل شیٹھی اور پاریش راول شامل ہیں جو کہ اپنے لیجنڈری کردار راجو، شیام اور بابو راؤ کو نبھائیں گے تاہم ابھی تک فلم کے ہدایتکار کا نام سامنے نہیں آ سکا ہے۔‘

اسی خبر کی مزید پیشرفت بتاتے ہوئے ہمیش منکڈ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ہیرا پھیری 3 کی کاسٹ کی تازہ تصویر شیئر کی اور لکھا کہ ’یہ گزشتہ روز فلم کے سیٹ کی تصویر ہے۔‘

Thank you everyone for all the love and trust over this news. Here's a pic from the sets yesterday. #HeraPheri3 https://t.co/08vs8ckgBp pic.twitter.com/dKBNDlI3oQ

— Himesh (@HimeshMankad) February 22, 2023

معاملات سے واقف افراد کا کہنا ہے کہ شیئر کی گئی تصویر فلم کی شوٹنگ کی نہیں ہے بلکہ پرومو کی ہے اور ان کا مزید دعویٰ ہے کہ فلم کے ہدایتکار فرہاد سمجی ہوں گے۔

ہیری پھیری فرنچائز کی پہلی فلم 31 مارچ 2000 کو ریلیز کی گئی تھی جس کے ہدایتکار پریا درشن نے کی تھی۔

اس کے بعد 2006 میں اس فرنچائز کی دوسری فلم ’پھر ہیرا پھیری‘ ریلیز ہوئی تھی۔ 2000 کی دہائی میں پریا درشن کی ریلیز ہونے والی مزاحیہ فلموں میں سب سے کامیاب اور مشہور فلمیں ’ہیر پھیری‘ اور ’پھر ہیرا پھیری‘ مانی جاتی ہیں۔

اپنی ریلیز کے وقت تو یہ فلمیں سپر ہٹ رہی ہی تھیں لیکن انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے دور میں یہ اُن فلموں میں شامل ہوگئیں جن پر بھرپور انداز میں میمز بنائی گئیں جس کے بعد اِن کی مقبولیت میں غیرمعمولی اضافہ ہوا۔

گزشتہ برس جب ہیرا پھیری تھری بننے کی افواہیں سامنے آئی تھیں تو اس وقت یہ کہا گیا تھا کہ اکشے کمار کی جگہ اس فلم کا لیڈ رول کارتک آریان کریں گے۔

پراجیکٹ کا انتظار کرنے والوں نے صورتحال واضح ہونے پر خوشی کا اطہار کیا ہے۔

ابھیشیک اپنی ٹویٹ میں کہتے ہیں کہ ’ہیرا پھیری 3 اپنی اوریجنل کاسٹ کے ساتھ بننے والی ہے۔ یہ دنیا ٹھیک ہو رہی ہے۔‘

رتنیش نے فلم کی باکس آفس پر کامیابی کی امید کرتے ہوئے کہا کہ ’ہیرا پھیری 3 کے لیے انتظار نہیں ہو رہا، اگر یہ فلم اچھی بنی تو اس میں بالی وُڈ کے تمام ریکارڈ توڑنے کی طاقت ہوگی۔‘

بالی وُڈ میمرز نے ہیرا پھیری کے مہشور سِین ’50 روپے کاٹ اوور ایکٹنگ کے‘ کے بارے میں مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ’مہنگائی کے باعث ہیرا پھیری 3 میں اوور ایکٹنگ کے 150 روپے ہوں گے۔‘


News Source   News Source Text

مزید خبریں
آرٹ اور انٹرٹینمنٹ
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.