سابق کرکٹر کا ’چیلنج‘ جس کے بعد بابر اعظم نے ایک اوور میں چار چھکے لگائے

پاکستان نے آئر لینڈ کے خلاف تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ چھ وکٹوں سے جیت کر سیریز دو ایک سے اپنے نام کر لی ہے۔ آخری میچ کے دوران پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ایک ہی اوور میں چار چھکے لگا دیے جو اب سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر رہے ہیں۔
بابر اعظم، باسط علی
Getty Images

پاکستان نے آئر لینڈ کے خلاف تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ چھ وکٹوں سے جیت کر سیریز دو ایک سے اپنے نام کر لی ہے۔

پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر آئر لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ آئرش بلے بازوں نے 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے اپنے چار اوورز کے سپیل میں محض 14 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں پاکستانی بلے بازوں نے چار وکٹوں کے نقصان پر 17 اوورز میں یہ ہدف حاصل کر لیا۔ کپتان بابر اعظم نے 42 گیندوں پر 75 رنز کی نمایاں باری کھیلی جبکہ اوپنر محمد رضوان نے بھی نصف سنچری سکور کر کے ہدف کے تعاقب میں کلیدی کردار ادا کیا۔

اپنی عمدہ بولنگ پر شاہین شاہ آفریدی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔

میچ کے بعد گفتگو میں بابر اعظم نے تسلیم کیا کہ میچ کے آغاز میں آئرش بلے بازوں نے جارحانہ انداز میں کھیلا اور پاکستان پر خوب دباؤ ڈالا مگر بعد میں ان کے بولرز وکٹیں حاصل کر کے رنز روکنے میں کامیاب رہے۔

بابر نے کہا کہ وہ اور رضوان اپنی نیچرل گیم کھیلتے ہیں اور موقع کی مناسبت سے بڑے شاٹ لگاتے ہیں۔

وہ کہتے ہیں کہ ٹیم نے پہلے میچ میں شکست سے سیکھا اور سیریز جیتنے کے لیے اپنے پلان پر عمل کیا۔

آئر لینڈ کے دورے کے بعد پاکستانی ٹیم چار میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے انگلینڈ کا رُخ کرے گی۔ پاکستان کا انگلینڈ کے خلاف پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 22 مئی کو ہوگا۔ اس کے بعد 2 جون سے امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 شروع ہوگا۔

بابر، رضوان
Getty Images

باسط علی کا چیلنج اور بابر اعظم کے ایک اوور میں چار چھکے

آئر لینڈ کے خلاف اس ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بابر اعظم اور محمد رضوان دونوں ہی ٹاپ سکورر رہے۔ سیریز سے قبل دونوں پاکستانی بلے باز اپنے سٹرائیک ریٹ کی وجہ سے سابق کرکٹرز اور ناقدین کے لیے زیرِ بحث تھے۔

سیریز میں بابر اور رضوان نے دو، دو نصف سنچریاں بنائیں اور ماضی کے مقابلے قدرے تیز کھیلتے نظر آئے۔

https://twitter.com/faizanlakhani/status/1790425850204094639

ایکس پر صحافی فیضان لکھانی لکھتے ہیں کہ بابر اور رضوان نے ایک ساتھ بلے بازی کرتے ہوئے تین ہزار رنز بنائے ہیں اور آج ان کی 10ویں سنچری پارٹنرشپ تھی۔ ’بابر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں 17ویں سنچری پارٹنرشپ کا حصہ ہیں۔ رضوان اپنی 13ویں سنچری پارٹنرشپ میں شریک ہوئے۔‘

دوسرے میچ میں صفر پر آؤٹ ہونے والے بابر اعظم نے اس میچ میں چار چوکے اور پانچ چھکے لگائے۔

آئرش بولر بین وائٹ کے 14ویں اوور میں بابر اعظم نے چار چھکے لگائے۔ انھوں نے اوور کی پہلی تین گیندوں کو لگاتار باؤنڈری پار کیا۔ ان میں دو سیدھے اور ایک لیگ سائیڈ کا چھکا تھا۔ چوتھی ڈاٹ گیند کے بعد پانچویں گیند پر پھر بابر نے لیگ سائیڈ کا چھکا لگایا۔

https://twitter.com/MazherArshad/status/1790428656642236590

کرکٹ تجزیہ کار مظہر ارشد کے مطابق بابر پاکستان کے محض تیسری بلے باز ہیں جنھوں نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک اوور میں چار چھکے لگائے ہیں۔ ان کے علاوہ یہ اعزاز آصف علی اور خوشدل شاہ کو حاصل ہے۔

فرید خان طنزیہ انداز میں کہتے ہیں کہ ایسا تو ورات کوہلی، روہت شرما اور سوریہ کمار بھی کبھی نہیں کر سکے۔

ادھر ایکس پر ارفا فیروز زکی نے لکھا کہ ’بابر اعظم نے آج کئی سابق پاکستانی کرکٹرز کے یوٹیوب چینل بند کر دیے۔‘

تاہم ایک صارف نے کہا کہ بابر اعظم نے ایک اوور میں چار چھکے ڈبلن میں اور وہ بھی آئر لینڈ کے خلاف لگائے ہیں۔ ’کنگ کو پتا ہے کہ کب چلنا ہے۔‘

دلچسپ بات یہ ہے کہ سابق پاکستانی کرکٹر باسط علی نے اپنے یوٹیوب چینل پر بابر اعظم کو چیلنج کیا تھا کہ وہ کسی اچھی ٹیم کے خلاف ایک اوور میں تین چھکے لگائیں۔

رواں ماہ اپ لوڈ کی گئی ایک ویڈیو میں باسط علی نے کہا تھا کہ ’اگر ٹاپ ٹیموں کے خلاف، امریکہ یا آئر لینڈ نہیں، ٹاپ ٹیموں کے سامنے تین سیدھے چھکے مار دے تو میں ٹی وی (پر آنآ) اور اپنا یوٹیوب چینل بند کر دوں گا۔ اتنی بڑی بات کہہ رہا ہوں۔‘

’ہاں، اگر وہ یہ چیلنج لیتا ہے تو بولے میں نے یہ چیلنج لیا۔ اور اگر وہ ورلڈ کپ میں نہ مار سکے تو اسے اوپنگ نہیں کرنی چاہیے۔ یہ میں آج چیلنج کر رہا ہوں۔‘

انھوں نے بعد کی ایک ویڈیو میں اس کی وضاحت کی تھی کہ ’بابر کیا، دنیا کے جتنے بھی ٹاپ آرڈر بلے باز ہیں وہ بھی اگر تین گیندوں پر تین سیدھے چھکے مار دیں تو میں یوٹیوب چینل بند کر دوں گا۔‘

’صرف کرس گیل ایسا کر سکتے ہیں جن کے پاس بہت پاور ہوں۔‘

انھوں نے کہا کہ دراصل انھوں نے اپنی ویڈیو میں بابر کی تکنیک میں بہتری کی تجویز کی تھی۔ ’جو حل میں نے دیا، اس کے بارے میں کوئی بات نہیں کر رہا۔‘

باسط علی نے 1993 سے 1996 تک 19 ٹیسٹ اور 50 ون ڈے میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

دریں اثنا جب شاہین کو میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز دیا گیا تو انھوں نے ایک موقع پر کہا کہ بابر اور رضوان دونوں ’ورلڈ کلاس کھلاڑی ہیں۔ انھوں نے ہمیں کئی میچز جتوائے ہیں۔‘

علی اسد نامی ایک صارف کہتے ہیں کہ جب بھی شاہین اچھا کھیلتے ہیں تو ٹیم جیت جاتی ہے۔


News Source   News Source Text

BBC
مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.