ممبئی میں طوفان کے باعث بل بورڈ گرنے سے 14 افراد ہلاک

image

انڈیا کے شہر ممبئی میں پیر کی شام شدید طوفان کے دوران ایک بڑے بل بورڈ کے گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 14 ہو گئی ہے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق ممبئی کے علاقے گھٹ کوپر میں شدید طوفان کے باعث نصب 100 فٹ کا ایک بل بورڈ پیٹرول پمپ پر گرا جس کی وجہ سے 14 افراد ہلاک اور 70 زخمی ہوئے۔

نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) نے رات بھر پھنسے ہوئے لوگوں کو بچانے کے لیے ریسکیو آپریشن کیا۔

پیر کی شام کو ممبئی میں اچانک اور طاقتور گردوغبار کا طوفان آیا جس کی وجہ سے نہ صرف سڑکوں پر ٹریفک رک گئی بلکہ ممبئی ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن متاثر ہوا اور ٹرین سروس بھی رک گئی تھی۔

محکمہ موسمیات نے ممبئی اور قریبی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

غیرمتوقع بارشوں کی وجہ سے شدید گرمی میں کمی آ گئی ہے تاہم ممبئی سمیت مختلف اضلاع میں بجلی کی بندش کی وجہ سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

مہاراشٹر کے وزیراعلٰی ایکناتھ شندے نے جائے وقوعہ کا دورہ کرتے ہوئے حکام کو شہر کے تمام بل بورڈز کے آڈٹ کا حکم دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اگر شہر میں بل بورڈز غیرقانونی اور خطرناک پائے گئے تو اسے فوری طور پر ہٹا دیا جائے گا۔ یہ ایک بہت ہی افسوسناک واقعہ ہے۔ حکومت اس کی تحقیقات کرے گی، اور ذمہ داروں کو کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘

وزیراعلٰی نے ہلاک ہونے والے ہر فرد کے لواحقین کو 5 لاکھ روپے کی امداد دینے کا بھی اعلان کیا۔

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.