لال بیگ سے چھٹکارا پاناہے۔۔۔۔تو یہ طریقے آزمائیں!

image

لال بیگ جنہیں لوگ انگریزی حرف کاکروچ کے نام سے بھی جانتے ہیں، اکثر گھروں میں جابجا پائے جاتے ہیں۔ ان کا سب سے پسندیدہ مقام کچن ہوتاہے، یہی وجہ ہے کہ یہ لال بیگ خاتون ِ خانہ کو ذہنی الجھن کا شکار کردیتے ہیں، کیونکہ یہ کچن کی ہرچیز میں گھس جاتے ہیں، پکا ہوا کھانا ہو یا کچے دال چاول، چینی ہو یا نمک، پلیٹیں ہوں یا چمچ، کیبنٹ ہو یا بیسن غرض یہ کہ ہر چیز میں یہ لال بیگ گھستے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔ انہیں دیکھ کر عجیب سی گھِن بھی آتی ہے، یہی وجہ ہے کہ خواتین انہیں فوراً ختم کرنے کیلئے تگ و دو کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

صرف یہی نہیں بلکہ لال بیگ مختلف جراثیم خاص طور پر E Coli Bacteria پھیلانے کا ذریعہ بھی بنتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ اکثر کھانوں میں جب یہی گھس جاتے ہیں تو ان کھانوں کو استعمال نہیں کیا جاتا۔ کیونکہ اس کے استعمال سے انسان کے بیمار پڑجانے کا خدشہ رہتاہے۔ لیکن سب سے بڑا مسئلہ یہی ہے کہ اگر لال بیگ زیادہ تعداد میں ہوجاتے ہیں توا نہیں ختم کیسے کیاجائے، خواتین کیلئے یہ سوال یقیناً سردرد کا باعث بن جاتاہے۔ اس مضمون میں خواتین کی آسانی سے لال بیگ سے چھٹکارہ پانے کے چند طریقے بتائے جارہے ہیں ، جن پر عمل کرکے خواتین اپنے گھروں سے لال بیگ کو ختم کرسکتی ہیں۔

کچن کو صاف رکھیں:

کچن کی صفائی کریں، وقتاًفوقتاً لال بیگ کو ختم کرنے کیلئے اسپرے کریں۔ کچن کیبنٹ میں بچھائے گئے کاغذ یا پلاسٹک شیٹ کو بھی تبدیل کریں۔ کوشش کریں کہ کچن کا ہر کونا صاف ہو، کسی کونے میں کچرا یا سامان جمع نہ ہو۔ یاد رکھیں کہ لال بیگ کھانے پینے کی اشیا یا گندگی پر سب سے زیادہ پائے جاتے ہیں، اس لئے اس طرف خاص دھیا ن دیں۔ کھانے کی کوئی چیز کچن میں گرجائے تو اسے فوراً صاف کریں۔ اسی طرح صفائی کا بھی خاص خیال رکھیں، کچن کے ڈسٹ بن کو باقاعدگی سے خالی کریں۔ جب ان باتوں پر عمل کریں گی تو جلد ہی لال بیگ سے چھٹکارا پالیں گی۔

ہیئر اسپرے کا استعمال:

جی ہاں! آپ نے بالکل ٹھیک پڑھاہے، ہیئر اسپرے کو اگر لال بیگ پر کیاجائے تو وہ اپنی ٹانگوں اور پرَوں کو ہلا نہیں سکیں گے، کیونکہ اسپرے کی وجہ سے ان کے یہ دونوں اعضا چپک جائیں گے۔ ساتھ ہی اسپرے میں موجود کیمیکلز کی وجہ سے انہیں گھٹن محسوس ہوگی اور کچھ ہی دیر میں یہ مر جائیں گے۔ اسپرے کرنے کے کچھ دیر بعد تک دیکھتی رہیں کہ کہیں وہ بھاگ تو نہیں رہے، اگر ان میں سے کچھ لال بیگ بھاگ رہے ہوں تو ان پر دوبارہ اسپرے کریں، جب وہ رُک جائیں تو سمجھیں کام ہوگیا۔ اس لئے اگر کچن میں بہت لال بیگ ہوں، تو ہر اُس جگہ پرہئیر اسپرے کردیں، جہاں لال بیگ پائے جاتے ہوں اور پھر کچن کی کھڑکی دروازے سب کچھ وقت کیلئے بند کردیں تاکہ وہ بھاگ نہ سکیں، اس طرح بھی لال بیگوں سے چھٹکارہ مل جائے گا۔

تیز پات:

ثابت گرم مسالے میں موجود تیز پات کو عام چیز نہ سمجھیں، کیونکہ یہ لال بیگ کو بھگانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ لال بیگ، تیز پات کی تیز خوشبو کو دور سے ہی سونگھ لیتے ہیں اور بھاگنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس لئے تیز پات لے کر اس کو ہاتھ سے توڑ کر چھوٹا کرلیں یا اسے کوٹ لیں۔ پھر اسے گھر کے اُن کونوں میں ڈال دیں، جہاں لال بیگ وافر مقدار میں موجود ہوں۔ گھر کے جن کونوں میں لال بیگ نے اپنا ٹھکانہ بنارکھا ہے، ان تمام جگہوں پر تیز پات کے ٹکڑے رکھ دیں، اس طرح کرنے سے وہ اپنے اُس ٹھکانے کو چھوڑ دیں گے اور کہیں اور چلے جائیں گے۔

امونیا:

امونیا کی ایک خاص تیز بو ہوتی ہے، یہی وجہ ہے کہ اسے بھی لال بیگ کو بھگانے یا اس کے خاتمے کیلئے اہم مانا جاتاہے۔ امونیا مارکیٹ میں آسانی سے دستیاب ہے، یہ کسی بھی کیمیکل کی دکان سے مل سکتاہے، لوگ اسے آن لائن بھی آرڈر کرکے منگواسکتے ہیں۔ 25ملی لیٹر امونیا کی بوتل 30روپے میں آسانی سے مل جاتی ہے، یہ اتنازیادہ مہنگی بھی نہیں ہے، اس لئے خواتین اسے آسانی سے خرید سکتی ہیں۔اسے استعمال کرنے سے قبل ہاتھ میں دستانے پہن لیں۔دو کپ امونیا کو ایک چھوٹی بالٹی پانی میں ملالیں، پھر اس میں کپڑا ڈال کر اس کپڑے سے کچن کے سب حصوں کو صاف کریں، کچن کاؤنٹر اورگھر کے ہراُس کونے کی صفائی کریں جہاں لال بیگ پائے جاتے ہوں۔ آپ دیکھیں گی کہ امونیا کی وجہ سے چند ہی گھنٹوں میں لال بیگ سے آ پ کو چھٹکارا مل چکا ہوگا۔

ٹیپ:

ڈبل سائڈ ٹیپ یاڈکٹ ٹیپ جو اچھی کوالٹی کا ہو، اسے دروازوں، کھڑکیوں اور مختلف ایسی جگہوں پر لگادیں، جہاں سے کاکروچ گھر، کچن یا کسی بھی جگہ پر داخل ہوتے ہوں۔ کوشش کریں کہ رات کے وقت یہ لگائیں، کیونکہ عموماً کاکروچ اپنے بل یا ان جگہوں سے رات کی خاموشی میں گھسنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس طرح جب وہ اُس جگہ سے اندر آنے کی کوشش کریں گے تو لگائے گئے ٹیپ پر چپک جائیں گے۔ یوں وہ کچھ دیر تک ہل نہیں پائیں گے اور آپ انہیں صبح دیکھ کر کسی بھی چیز کی مددسے مارسکتی ہیں۔ویسے آج کل مارکیٹ میں ”کاکروچ ٹریپ“ کے نام سے ایسی چیزیں مل رہی ہیں، جن کی مدد سے بھی کاکروچ کا خاتمہ کیا جاتاہے، کیونکہ لال بیگ ان ٹریپ شیٹ پر چپک جاتے ہیں اور پھر ہل نہیں پاتے۔

You May Also Like :
مزید

Lal Baig Khatam Karne Ka Tarika

Lal Baig Khatam Karne Ka Tarika - Read the best tips, tricks & totkay of Tips And Tricks. These tips and tricks are specially developed to cater your needs of Tips And Tricks. Now, you do not have to visit multiple websites to be aware about the totkay related to Tips And Tricks. So, just read the informative content on Lal Baig Khatam Karne Ka Tarika. These tips and tricks will surely play a great role in enhancing your beauty.