کینسر کو شکست دینے والی خاتون نے تیراکی کا حیرت انگیز ریکارڈ قایم کر لیا

image
لندن: حال ہی میں کینسر جیسے مہلک مرض کو شکست دینے والی خاتون نے تیراکی کا حیرت انگیز ریکارڈ قایم کر کے دنیا کو حیران کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق کولراڈو، امریکا سے تعلق رکھنے والی 37 سالہ سارا تھامس نے بغیر رکے 4 مرتبہ آبنائے انگلش عبور کر کے پہلی خاتون بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

سارا تھامس نے برطانیہ اور فرانس کو جدا کرنے والی آبنائے انگلش (دریائی گزرگاہ) کو عبور کرنے کے لیے تیرنے کا آغاز اتوار کی صبح کو کیا اور 54 گھنٹے تک مسلسل تیرنے کے بعد انگلش چینل کو چار مرتبہ عبور کیا۔

امریکی خاتون تیراک نے ایک سال قبل 2018 میں چھاتی کے کینسر کا علاج مکمل کیا ہے، انھوں نے اپنے ریکارڈ کو کینسر کو شکست دینے والوں کے نام کرتے ہوئے کہا، میرا جسم سن ہو گیا ہے، مجھے یقین نہیں آ رہا کہ میں نے ریکارڈ قایم کر لیا ہے، ساحل پر موجود بہت سارے لوگوں نے میرے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انگلش چینل میں تیراکی کا ٹوٹل فاصلہ 80 میل تھا لیکن آبنائے میں طاقت ور لہروں کے باعث سارا تھامس کے لیے یہ سفر 130 میل بن گیا تھا۔

پانی میں تیرنے کے دوران سارا تھامس کو آرام کرنے کی اجازت نہیں تھی، تاہم ہر 30 منٹ بعد ان کا امدادی عملہ ان کو پروٹین بحال کرنے کے لیے مشروب کی بوتل پھینکتا تھا جو الیکٹرولائٹس سے بھرپور تھا۔

ریکارڈ قایم کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس نے کہا کہ میں بہت زیادہ تھک چکی ہوں اور اب میں سارا دن صرف سونا چاہتی ہوں۔

سارا تھامس کی والدہ نے کہا کہ ان کی بیٹی جنونی طبیعت رکھتی ہے، تیراکی کے ذریعے وہ کینسر کے علاج سے مرتب ہونے والے اثرات کو دور کرتی ہے۔

News SOurce : Ary News

You May Also Like :
مزید