صدر مملکت آصف علی زرداری سے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی ملاقات

Speaker National Assembly Sardar Ayaz Sadiq

ااسلام آباد۔15اپریل (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری سے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پیر کو پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی ۔ یہ ملاقات نو منتخب رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو کی قومی اسمبلی اجلاس میں حلف برداری کے موقع پر ہوئی۔ اس موقع پر صدرمملکت اور سپیکر کے درمیان قانون سازی سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے صدرمملکت کو پارلیمان میں ہونے والی قانون سازی اور ایوان کی کارروائی سے آگاہ کیا۔ سپیکر نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو آصفہ بھٹو کے بطور رکن قومی اسمبلی حلف اٹھانے پر مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آصفہ بھٹو کا رکن قومی اسمبلی منتخب ہونا ایک خوشگوار اضافہ ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ آصفہ بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن پر عمل پیرا ہوتے ہوئے پارلیمان میں عوام کی فلاح و بہبود سے متعلق ہونے والی قانون سازی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گی۔ ملاقات میں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ، پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما چوہدری قمر زماں کائرہ، رکن قومی اسمبلی فریال تالپور، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی اور دیگر بھی موجود تھے۔