آئی آئی چندریگر روڈ کے قریب ٹریفک حادثے میں 2 نوجوان دوست جاں بحق ہوگئے، پولیس حادثے کی ذمہ دار گاڑی کی تلاش میں سرگرداں ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی شناخت 18 سالہ مرتضیٰ اور 17 سالہ علی کے ناموں سے ہوئی، جو ایک ہی موٹر سائیکل پر سوار تھے، جنہیں تیز رفتار گاڑی نے ٹکر ماری۔
لاشیں جناح اسپتال منتقل کی گئیں، پولیس کے مطابق جائے وقوعہ کے اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جارہی ہیں جبکہ دیگر پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے۔
رات گئے ہونے والے حادثے میں جاں بحق دونوں نوجوانوں کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ جاں بحق نوجوان علی پرنٹنگ کا کام کرتا تھا، دونوں دوست رات گئے کھانا کھانے کے بعد گھر سے نکلے تھے، اہل خانہ نے پولیس کو بتایا کہ حادثہ کیسے پیش آیا انہیں کچھ پتہ نہیں ہے۔