حیات آباد میں بڑے سیاسی جلسے کے لیے سخت سیکیورٹی اور ٹریفک انتظامات

image

پشاور پولیس نے آج حیات آباد میں ہونے والے بڑے سیاسی جلسے کیلیے انتہائی سخت اور مربوط سیکیورٹی و ٹریفک انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔

ضلعی پولیس کے مطابق جلسہ گاہ اور اس کے اطراف کو ہائی الرٹ قرار دیتے ہوئے تمام داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کا نظام نافذ کیا گیا ہے۔کیورٹی و ٹریفک انتظامات پلان کے مطابق بی ڈی یو کی ٹیمیں، سنیفر ڈاگ یونٹس، لیڈیز پولیس، واک تھرو گیٹس، ڈرون کیمرے، اینٹی ڈرون سسٹم، کیمرہ سرویلنس موبائل جیپ، جیمرز موبائل، ماہر سنائپر شوٹرز اور لوکل پولیس اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہیں۔

جلسہ گاہ کے اطراف کی عمارتوں کی چھتوں پر خصوصی تربیت یافتہ اسنائپرز تعینات کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹا جا سکے۔پولیس نے جلسہ گاہ کے گرد خصوصی ناکہ بندیاں بھی قائم کردی ہیں جبکہ حساس مقامات پر اضافی سیکیورٹی اہلکار تعینات ہیں۔

ایس ایس پی آپریشنز تمام سیکیورٹی انتظامات کی براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں۔ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے بھی جامع ٹریفک پلان تشکیل دیا گیا ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر خود ٹریفک انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں جبکہ شہر کی مرکزی شاہراہوں اور متبادل راستوں پر ٹریفک اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

ابابیل اسکواڈ، سٹی پٹرولنگ فورس اور ٹریفک پولیس مسلسل گشت پر رہیں گے تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ٹریفک حکام کے مطابق شہری جلسہ گاہ میں صرف خصوصی چیکنگ کے بعد ہی داخل ہوسکیں گے۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مکمل تعاون کریں کیونکہ سیکیورٹی ادارے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلیے ہمہ وقت الرٹ ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US