سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے قلات میں آپریشن کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی یافتہ 12 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے 6 دسمبر کو خفیہ معلومات کی بنیاد پر قلات میں دہشتگردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک دہشتگرد علاقے میں متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے اور کسی بھی دیگر بھارتی سرپرست دہشتگرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک میں بیرونی سرپرستی یافتہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے عزم کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قلات میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ عزم استحکام کے وژن کے تحت سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کررہی ہیں اور پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دہشتگردی کے ہر قسم کے خطرے کے خلاف متحد ہے اور ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔