یہ آلو فرنچ فرائز کے لیے نہیں ہیں، آلو گوشت اور فرنچ فرائز کے آلو مختلف کیوں ہوتے ہیں اور ان کی پہچان کیا ہے؟

image
 
اپنے گھر میں اکثر فرنچ فرائز بناتے ہوئے یا آلو کے کٹلس بناتے ہوئے بہت ہی برے تجربات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ فرائز کڑک ہونے کے بجائے عجیب نرم نرم سے ہو جاتے ہیں اس کے علاوہ کٹلس بھی فرائینگ کے دوران ٹوٹنے لگتے ہیں اور کھانے بیٹھیں تو ایک مٹھاس منہ میں گھل جاتی ہے جو ساری محنت کو ضائع کرنے کے ساتھ ساتھ موڈ کو بھی خراب کر دیتی ہے-
 
آلو کی مختلف اقسام
عام طور پر اس حوالے سے کم ہی لوگ واقف ہیں کہ سب سے زيادہ استعمال ہونے والی سبزی آلو کی اس وقت دنیا بھر میں 200 سے زائد اقسام موجود ہیں جو اپنی خصوصیات اور ذائقے کے سبب مختلف ہوتی ہے- مگر ہم آپ کو آلو کی صرف ان اقسام کے بارے میں بتائيں گے جو کہ ہمارے ملک میں عام طور پر میسر ہیں اور ساتھ میں ان کو کس طرح سے استعمال کیا جا سکتا ہے-
 
براؤن کلر کے بڑے آلو
براؤن کلر کے یہ آلو جن کی اوپر کی جلد بھورے رنگ کی ہوتی ہے عام طور پر ان کو پرانے آلو بھی کہا جاتا ہے یہ آلو نشاستے سے بھرپور ہوتے ہیں اور ان کے اندر پرانے ہونے کے سبب پانی کی کم مقدار موجود ہوتی ہے-یہ آلو بڑے سائز کے ہوتے ہیں اور ان کو فرنچ فرائز بنانے کا فرائی کرنے کے لیے بہترین سمجھا جاتا ہے یہ آلو اگر کٹلس وغیرہ کے لیے بھی استعمال کیے جائیں تو یہ اپنی شکل برقرار رکھتے ہیں اور ٹوٹتے نہیں ہیں۔ تاہم یہ آلو پھیکے ہوتے ہیں اور ان میں کسی قسم کا ذائقہ نہیں ہوتا اس وجہ سے ان کو فرائز وغیرہ کے طور پر استعمال بہترین سمجھا جاتا ہے کیوں کہ یہ آلو کیچپ اور دوسری ساسز کے ساتھ کھانے میں لذت دیتے ہیں-
 
image
 
لال آلو
لال آلو جو ہماری مارکیٹ میں آلو کی دوسری اقسام کے مقابلے میں کافی مہنگے ملتے ہیں جس کے بنیادی طور پر دو اسباب ہوتے ہیں ایک تو اس قسم کے آلو کے اندر سے جالا لگنے یا خراب ہونے کا امکان بہت کم ہوتا ہے جبکہ دوسری جانب ان کے اندر اپنا ایک ذائقہ موجود ہوتا ہے جو کہ کھانے کو ایک لذت دیتا ہے-
 
یہی وجہ ہے کہ آلو گوشت بنانا ہو یا تہاری یا پھر بریانی ہر ایک میں لال آلو ڈالنا بہتر ہوتا ہے کیونکہ یہ آلو جس کھانے میں بھی ڈالے جاتے ہیں یہ اس کی لذت کو بڑھا دیتے ہیں- مگر اس آلو کو فرائز وغیرہ اور فرائینگ کے لیے استعمال کرنے سے اس لیۓ تجویز نہیں کیا جاتا ہے کہ یہ آلو فرائنگ کے دوران آئل زیادہ جزب کرتے ہیں-
 
image
 
سفید یا پیلے آلو
یہ آلو ظاہری طور سفید یا پیلے رنگ کے ہوتے ہیں ان کو نیا آلو بھی کہتے ہیں جس میں پانی کی بڑی مقدار موجود ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ ان کے اندر ایک قدرتی مٹھاس بھی موجود ہوتی ہے-
 
عام طور پر یہ آلو ابالنے کی صورت میں جلد گل جاتے ہیں اس کے علاوہ ان میں ایک چپچپاہٹ ہوتی ہے یہی وجہ ہے کہ ان سے بنے ہوئے فرائز بھی نرم اور میٹھے ہوتے ہیں جو کھانے والوں کو پسند نہیں آتے ہیں۔
 
تاہم یہ آلو سینڈوچ بنانے یا پھر رول وغیرہ بنانے میں استعمال کیے جا سکتے ہیں اس کے علاوہ ان کا استعمال بریڈ سے بنے ہوئے مختلف کھانوں کی تراکیب میں بھی کیا جاتا ہے تاکہ ان میں موجود مٹھاس اس کے ساتھ مل کر ایک اچھا ٹیسٹ دے-
 
تاہم یہ آلو بہت نازک ہوتے ہیں اور زیادہ دن تک محفوظ نہیں رکھے جا سکتے ہیں اور جلد مرجھا سے جاتے ہیں اس کے علاوہ ان میں اندر سے جالا بھی جلدی لگ جاتا ہے-
 
image
 
آلو کی خریداری میں خیال
عام طور پر آلو کی خریداری کے دوران جن باتوں کو خاص طور پر ذہن میں رکھنا چاہیے وہ آلو کو ہاتھ میں لے کر چیک کریں ایک تو اگر آلو کو ہاتھ میں لے کر اس کا وزن کم محسوس ہو تو اس کو خریدنے میں احتیاط برتنی چاہیے جبکہ دوسری جانب ایسے آلو بھی نہیں خریدنے چاہیے ہیں جن کے اوپر کسی قسم کا نشان ہو یا ان کی جلد ڈھیلی پڑ گئی ہو-
YOU MAY ALSO LIKE: