سردی بھگائیں اور الگ الگ طریقوں سے چائے بنائیں

image


سردی کے موسم میں جب ہر چیز ٹھنڈی پڑ رہی ہوتی ہے ایسے میں ٹھنڈے پڑتے ہاتھوں کو اور جسم میں گرمی اور چستی پیدا کرنے کے لیے چائے کا استعمال کیا جاتا ہے ۔ سیانوں کے مطابق دنیا میں صرف دو طرح کے لوگ پائے جاتے ہیں ایک وہ جو چائے کم پیتے ہیں اور دوسرے وہ جو چائے بہت زیادہ پیتے ہیں جو لوگ چائے نہیں پیتے وہ اس دنیا کے ہوتے ہی نہیں ہیں یہی وجہ ہے کہ چائے پینے کا کوئی وقت نہیں ہوتا ہے اور نہ ہی اس کو پینے کے لیے کسی وجہ کی ضرورت ہوتی ہے- ہر فرد کی پسند چائے کے حوالے سے مختلف ہوتی ہے لوگوں کی علیحدہ پسند کو دیکھتے ہوئے آج ہم آپ کو مختلف قسم کی چائے اور ان کو بنانے کی ترکیب بتائیں گے-

1: کڑک چائے
یہ چاۓ عام طور پر ان لوگوں کو پسند ہوتی ہے جو کہ دماغی کام یا جسمانی کام زیادہ کرتے ہیں اور یہ چائے ان کو ترو تازہ بنا دیتی ہے عام طور پر یہ چائے چائے خانوں سے ملتی ہے لیکن اس کو گھر پر بھی باآسانی تیار کیا جاسکتا ہے- دو کپ پانی لے کر ساس پین میں ڈالیں اور ایک دو الائچیاں اس میں کھول کر ڈال دیں اور اس کو چولہے پر رکھ کر ابلنے دیں جب جوش آجائے تو چینی اور چائے کی پتی یا ٹی بیگ شامل کر دیں اور اچھی طرح دو منٹ تک پکا لیں اور پھر ڈھک کر چولہا بند کر دیں اور چند منٹ ایسے ہی رہنے دیں تاکہ چائے کی پتی اچھی طرح اس میں شامل ہو جائے پھر بہ ضرورت دودھ شامل کر کے ایک منٹ تک پکائيں اور مزیدار کڑک چائے سے لطف اٹھائيں-

image


2: گڑ والی چائے
سردی کے موسم میں جسم کو گرم کرنے کے لیے گڑ والی چائے کا استعمال کیا جاتا ہے اس چائے کی تیاری کے لیے دو کپ پانی کو ساس پین میں ڈال کر اس میں ایک درمیانی سائز کی گڑ کی ڈلی شامل کر دیں اور اس کے ساتھ ہی چائے کی پتی یا ٹی بیگ بھی ڈال دیں اس کے بعد اس کو اس وقت تک پکائيں جب تک کہ گڑ اچھی طرح پگھل جائے اس میں تقریبا پانچ منٹ لگ سکتے ہیں اس کے بعد اس میں پاؤڈر والا دودھ شامل کر دیں اور اس کو مزید دو منٹ پکائيں اور گرما گرم چائے چھان کر پیئيں اور سردی کو دور بھگائيں-

image


3: ادرک والی چائے
سردی کے موسم میں بارشوں میں یا پھر نزلہ زکام کی حالت میں یہ چائے بہترین ثابت ہوتی ہے اس چائے کی تیاری کے لیے ادرک کے چھوٹے سے ٹکڑے کو باریک پیس لیں اور آدھا چائے کا چمچ ادرک دو کپ پانی کے ساتھ ابال لیں اس کے بعد اس میں چائے کی پتی شامل کر کے جوش دیں اور چینی اور دودھ شامل کر کے کچھ دیر پکائيں اور تیز چائے کے ساتھ ادرک کا لطف اٹھائيں-

image


4: گلاب چائے
خوش ذائقہ اور خوشبودار گلاب چائے خصوصی مواقعوں یا دعوتوں کے لیے بہترین ہوتی ہے اس چائے کی تیاری کے لیے ایک ساس پین میں دو کپ پانی لیں اور اس میں چائے کی پتی شامل کر کے اس کو ابال لیں اس کے ساتھ ایک اور ساس پین لیں جس میں دو کپ دودھ ڈالیں اور ایک چمچ گلاب کی تازہ پتیوں شامل کریں اس کے بعد اس میں دو چمچ لال شربت کے ملا کر دھیمی آنچ پر دس منٹ تک پکائيں اس کے بعد چائے کی پتی والا ساس پین بھی اس میں انڈیل لیں اور دھیمی آنچ پر پکنے دیں جوش کھانے پر کپ میں چھان کر نکال لیں اور پسے ہوئے بادام چائے کی سطح پر ڈال کر پیش کریں-

image

5: کشمیری چائے
یہ چائے سردیوں کے موسم کے لحاظ سے بہترین ہوتی ہے اس کا ذائقہ لذیذ اور اور تاثیر بہترین ہاضم ہوتی ہے اس چائے کی تیاری کے لیے دو کپ پانی میں دو چمچ کشمیری چائے اور اچھی کوالٹی کی سبز چائے ایک چمچ شامل کر کے دھیمی آنچ دس سے پندرہ منٹ تک پکائيں اس کے بعد اس میں چٹکی بھر کھانے کا سوڈا شامل کر کے مزيد پکائيں اس کے بعد اس میں ڈيڑھ کپ دودھ اور دو دانے سبز الائچی شامل کر کے اس وقت تک پکائيں جب تک کہ چائے کا رنگ خوبصورت گلابی ہو جائے حسب ذائقہ چینی شامل کریں اور چھان کر کپ میں ڈال لیں اور اس کے اوپر پسے ہوئے بادام اور پستے ڈال کر پیش کریں-
image
YOU MAY ALSO LIKE: