چائے کی شوقین خاتون کی ٹی بیگ کے ڈبّے جیسے تابوت میں تدفین

image
اس دنیا میں چائے کے شوقین بے شمار افراد ہیں مگر ہم آپ کو ایک ایسی خاتون کے بارے میں بتائیں گے جو دن میں تقریباً 40کپ چائے پیتی تھیں اور انہوں نے مرنے سے پہلے جو وصیت کی اس کا تعلق بھی چائے سے ہی تھا۔

لیسیٹر شائر کے برونسٹون ٹاؤن کی 73 سالہ ٹینا واٹسن دن میں 40 کپ چائے پیتی تھیں، اور انہوں نے مرنے سے قبل اپنی بیٹی ڈیبس ڈونوان سے ایک انوکھی خواہش ظاہر کی تھی۔

ٹینا نے اپنی بیٹی کو کہا کہ میری آخری خواہش ہے کہ مرنے کے بعد مجھے ’ٹی بیگ کے ڈبّے‘ جیسے تابوت میں ڈال کر دفن کیا جائے۔

73 سالہ ٹینا واٹسن کی بیٹی کا کہنا تھا کہ میری والدہ کا ذوقِ مزاح بہت اچھا تھا اور وہ دن میں 30 سے 40 کپ چائے پیتی تھیں کیونکہ انہیں چائے بے حد پسند تھی۔

ٹینا واٹسن 73 سال کی عمر میں حرکتِ قلب بند ہو جانے کے باعث انتقال کر گئیں تھیں۔

ان کی بیٹی ڈیبس ڈونوان کا اپنی والدہ کے حوالے سے کہنا تھا کہ انہوں نے دو مرتبہ کینسر سے جنگ لڑی اور اسی سلسے میں ان کے دونوں پاؤں کاٹ دیے گئے تھے، اس سب کے باوجود بھی انہیں دوسروں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے کا بہت شوق تھا۔ انہوں نے مزید بتایا جب میں اور میرے والد ان کے کفن دفن کی تیاری کرنے کے بارے میں سوچ رہے تھے تو مجھے اچانک اپنی ماں سے ہونے والی گفتگو یاد آ گئی۔

ڈیبس نے بتایا کہ میری والدہ نے مجھ سے کہا تھا کہ جب میں مر جاؤں تو مجھے ایک بڑے تابوت میں دفنایا جائے جو کہ دکھنے میں بالکل ایک ’ٹی بیگ کے ڈبّے‘ جیسا ہو۔

ڈیبس نے کہا کہ اپنی والدہ کی یہ خواہش مجھے ایک مذاق لگی اور ان کی بات پر میں زور سے ہنسی جس پر والدہ بھی ہنسی مگر انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے میں بے حد سنجیدہ ہیں۔

73 سالہ خاتون کی بیٹی نے بتایا کہ 14 سال قبل میری والدہ کے پاؤں پر کسی کیڑے نے کاٹ لیا تھا اور انفیکشن کی وجہ سے ان کا ایک پاؤں کاٹ دیا گیا تھا جس کے بعد یہ انفیکشن پھیلتا گیا اور ان کا دوسرا پاؤں بھی اس سے شدید متاثر ہوا۔

لیسیٹر کے گلروس قبرستان میں 73 سالہ ٹینا کے جنازے کا انعقاد کیا گیا، جنازے کے ڈائریکٹر کا پال پینڈر کا کہنا تھا کہ یہ اب تک کی سب سے عجیب سی خواہش تھی لیکن ہم ان کی خوشی میں ہی خوش ہیں۔

News Source : Geo news

You May Also Like :
مزید