بالوں کی خراب کٹنگ کے دکھ نے ورلڈ ریکارڈ تک پہنچادیا

image
چھ سال کی عمر میں بالوں کی خراب کٹنگ کا اس قدر دکھ ہوا کہ بھارتی لڑکی نیلانشی پٹیل نے آئندہ کبھی بال نہ کٹوانے کی ٹھان لی اور حیران کن طور پر اس ضد نے نیلانشی کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کرادیا۔

17 سالہ نیلانشی پٹیل کو 18 سال سے کم عمر افراد میں دنیا میں سب سے لمبی زلفیں رکھنے کا اعزاز حاصل ہے۔

ان کے بالوں کی لمبائی 6 فٹ اور2.8 انچ ( 190 سینٹی میٹر) ہے۔ لمبے گیسوؤں کی بدولت نیلانشی کو ان کی دوستیں مشہور افسانوی کردار ’رپنزل‘ کے نام سے پکارتی ہیں۔

17 سالہ نیلانشی نے پہلی بار 21 نومبر 2018 لمبی ترین زلفوں کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا تھا جب ان کے بالوں کی لمبائی 170.5 سینٹی میٹر تھی۔

اب حال ہی میں گنیز ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے دوبارہ ان کے بالوں کی پیمائش کی گئی اور ان کے بالوں کی لمبائی 190 سینٹی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

گنیز ورلڈ ریکارڈ نے انسٹاگرام پر نیلانشی کی زمین کو چھوتے ہوئے بالوں کی دو تصاویر بھی پوسٹ کیں۔

6 سال کی عمر میں فیصلہ کیا کبھی بال نہیں کٹواؤں گی

یلانشی نے بتایا کہ جب وہ چھ برس کی تھیں تو حجام نے ان کے بال اس برے طریقے سے کاٹے کہ انہیں بال کٹوانے سے ہی نفرت ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ ’وہ بہت ہی بُرا ہئیر کٹ تھا لہٰذا میں نے فیصلہ کیا کہ آئندہ کبھی بال نہیں کٹواؤں گی، اس وقت میری عمر چھ برس تھی‘۔

نیلانشی کے لمبے بالوں کا راز کیا ہے؟

جب نیلانشی پٹیل سے ان کے لمبے بالوں کا راز پوچھا گیا تو انہوں نے بتایا کہ وہ ایسا خاص تیل استعمال کرتی ہیں جو کہ ان کی والدہ خاص اجزاء سے تیار کرتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’یہ میری ماں کا خواب تھا کہ میرا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج ہو۔ مجھے اپنے بالوں سے بہت محبت ہے اور میں انہیں کبھی نہیں کٹوانا چاہوں گی‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں خوش ہوں کہ میرا نام گنیز بُک میں درج کیا گیا ہے اب میری زندگی میں ایک نیا باب شروع ہوا ہے جہاں ساری دنیا کے لوگ مجھے جانتے ہیں‘۔

اپنے بالوں کا خیال کیسے رکھتی ہیں؟

جب نیلانشی سے ان کے بالوں کی خیال رکھنے کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ وہ ہفتے میں ایک بار اپنے بالوں کو دھوتی ہیں اور انہیں سکھانے میں آدھا گھنٹہ جبکہ سلجھانے میں تقریباً ایک گھنٹہ لگتا ہے۔

نیلانشی، جو کہ 12 ویں جماعت کی طالب علم ہیں، جب ان سے ان کے مستقبل کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ وہ سافٹ وئیر انجینیئر بننا چاہتی ہیں اور وہ فی الحال جوائنٹ انٹرنس ایگزام کی تیاری کررہی ہیں۔

وہ کہتی ہیں بالوں دیکھ بھال نے کبھی ان کی پڑھائی میں خلل پیدا نہیں کیا۔ نیلانشی نے مزید بتایا ’میں نے کبھی بھی اپنے بالوں کو پڑھائی میں آڑے آنے نہیں دیا کیونکہ جب بھی میری ماں میرے بال صاف کرتی ہیں تو میں کتاب ہاتھ میں لیے بیٹھی ہوتی ہوں اور میں ایسا بچپن سے کررہی ہوں لہٰذا اب مجھے اس کی عادت ہوگئی ہے۔

نیلانشی کا یہ خواب ہے کہ وہ مزید عالمی ریکارڈز بنائیں اور مستقبل میں وہ 18 سال سے زائد عمر کے لوگوں میں بھی لمبے ترین بال رکھنے کا ریکارڈ بنائیں۔

News Source : Geo News

You May Also Like :
مزید